عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس دستیاب تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے ،سردار حسن خان موسیٰ خیل

شہر میں 11 لاکھ روپے ڈکیتی کے اصل ملزمان کی گرفتاری اور رقم کی برآمدگی پولیس کا اہم اور بڑا کارنامہ ہے ،ایس ایس پی جعفرآباد

منگل 16 نومبر 2021 17:38

ڈیرہ اللہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2021ء) ایس ایس پی جعفرآباد سردار حسن خان موسیٰ خیل نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس دستیاب تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے شہر میں 11 لاکھ روپے ڈکیتی کے اصل ملزمان کی گرفتاری اور رقم کی برآمدگی پولیس کا اہم اور بڑا کارنامہ ہے جرائم پیشہ افراد کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اپنے دفتر میں ڈی ایس پی خاوند بخش کھوسہ، ایس ایچ او عبدالروف جمالی اور سی آئی اے عملہ طارق علی بہرانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ دو ملزمان لیاقت علی جتوئی اور ظفراللہ راہیجہ نے ایک ہفتہ قبل موبائل فرنچائز ملازم سے 11 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی اور فرار ہوگئے تھے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ایچ او پولیس تھانہ ڈیرہ اللہ یار عبدالروف جمالی سی آئی اے عملہ طارق علی بہرانی اور ایگل اسکواڈ 15 کے انچارج محمد انور کھوسہ پر مشتمل ٹیم نے ڈی ایس پی خاوند بخش کھوسہ کی نگرانی میں جدید ٹیکنالوجی اور مخبر خاص کی مدد سے ڈھاڈر میں کامیاب کارروائی عمل میں لاکر ملزم لیاقت علی جتوئی کو گرفتار کرلیا جسکی نشاندہی پر اسکے شریک ساتھی ظفراللہ راہیجہ کو پھودکلی کوئٹہ سے گرفتار کرکے پستول بھی برآمد کرلیا گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ڈکیتی کی واردات میں علی حسن راہیجہ کی موٹرسائیکل استعمال کی پولیس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے سہولتکار ملزم علی حسن کو گرفتار کرکے مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرلی ہے ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش اہم انکشافات بھی کیے اور ڈکیتی شدہ رقم بھی واپس کردی ہے انکا مزید کہنا تھا کہ تاجر برادری اپنے کاروباری مراکز اور دکانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کروائیں تاکہ جرائم کے سدباب میں مزید آسانی ہوسکے اس موقع پر موبائل فرنچائز کے مالک عبدالغفار گولہ، پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنماء سید عبداللہ شاہ ، عبدالغفار گولہ ، رفیق احمد گولہ انجمن تاجران کے صدر شمن خان عمرانی ، محمد انور ابڑو ، ایڈوکیٹ امیش کمار چمنانی و دیگر نے ایس ایس پی سمیت اہم کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس افسران کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ان سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔