لاہور: ٹی ایل پی کے سربراہ کے تین روزہ سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز کل ہوگا

جمعرات 18 نومبر 2021 20:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 نومبر2021ء) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی (مرحوم) کے پہلے سالانہ تین روزہ عرس کی تقریبات کل بروز جمعہ کو بعد نماز جمعہ مزار پر چادر پوشی کے ساتھ شروع ہوگی۔ عرس کی تقریبات کے پہلے روز ملتان روڈ چوک یتیم خانہ کے قریب موجود جامع مسجد رحمت اللعالمین کے اندر تمام تقریبات منعقد ہونگی جہاں قرآن خوانی کے ساتھ ساتھ مختلف علماء کرام خطاب کریں گے جس کے بعد تقریب کے آخری دو روز تقریبات مین ملتان روڈ پر منعقد ہونگی۔

چوک یتیم خانہ میں دو روزہ تقریبات کا باقاعدہ سٹیج تیار کرلیا گیا ہے جبکہ سڑک پر منعقد تقریبات کے باعث چوک یتیم خانہ سے سیکم موڑ پر ہرقسم کی ٹریفک بند رہے گی اس سلسلے میں تنظیم کے رہنمائوں نے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے موقع پر جا کر عرس کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا جہاں تحریک لبیک پاکستان کی انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ کو انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام باقاعدہ ایک کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملک بھر سے عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے آنے والے زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں تمام اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ مانیٹرنگ روم میں ریسکیو 1122 کا عملہ موجود رہے گا جبکہ محکمہ صحت پنجاب کے اہلکار کسی بھی ناخوش گوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے موقع پر طبی کیمپ لگائیں گے اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔