موضع مرغز ضلع صوابی کے مضافات کے مکینوں اور بچوں کے والدین کا بچوں کیلئے سرکاری سکول نہ ہونے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 27 نومبر 2021 23:50

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) موضع مرغز ضلع صوابی کے مضافات کے مکینوں اور بچوں کے والدین نے بچوں کے لئے سرکاری سکول نہ ہونے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر تے ہوئے اعلان کیا کہ اگر مرغز ونڈ میں سکول کا قیام عمل میں نہ لایا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائیگا اس موقع پر بچوں اور شرکاء نے پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جس پر''ہمیں سکول چاہئے ''ہم کو سکول دو''ہمیں تعلیم دو'' ہمارے بچوں کا مستقبل تباہ ہو رہا ہے '' جدید دور میں تعلیم سے محروم ہم بد نصیب ''اور دیگر نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھا کہ مرغز ونڈ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا آبائی گائوں ہے لیکن اس کے باوجود مرغز ونڈ کے چاروں طرف تین کلو میٹر میں کوئی سرکاری سکول موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے ہمارے بچوں کو دور دراز سکول جا نے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج غیر سیاسی ہے ہمارے سیاسی مقاصد نہیں ہے ۔ہمارے بچے سکول نہ ہونے کی وجہ سے نا خواندہ ہو رہے ہیں کئی سیاسی لوگوں نے سکول کے قیام کا وعدہ کیا تھا مگر اس پر تاحال عملدرآمد نہ ہو سکا۔ لہٰذا بچوں کے لئے جلد از جلد مرغز ونڈ میں سرکاری سکول کا قیام عمل میں لایا جائے ورنہ اس سے مزید سخت احتجاج کیا جائیگا۔