برطانیہ میں طوفان آرون نے تباہی مچا دی،تین افراد ہلاک ، ایک لاکھ سے زائد مکانات بجلی سے محروم

اتوار 28 نومبر 2021 18:25

Tلندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2021ء) برطانیہ میں طوفان ‘‘ آ رون’’ نے تباہی مچا دی۔ مختلف حادثات میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانیہ میں آ نے والے حالیہ طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 3 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد مکانات بجلی سے محروم ہو گئے۔ برطانیہ میں ایک کار پر درخت گرنے سے ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

اسکاٹ لینڈ، شمالی انگلینڈ، ویلز میں تیز ہواؤں اور برفباری کے باعث متعدد درخت گر گئے۔

(جاری ہے)

70 سے 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث بیشتر مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔شدید طوفانی ہواؤں کے باعث ہائی وے پر ایک ٹرالر بھی الٹ گیا جبکہ شمالی برطانیہ اور اسکاٹ لینڈ میں درخت گرنے اور شدید برفباری کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ شمالی برطانیہ اور اسکاٹ لینڈ میں 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلنے کی توقع ہے۔ طوفان کے پیش نظر کئی سڑکیں بند کردی گئیں۔ برطانوی پولیس نے عوام سے غیر ضروری سفر نہ کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کر دیں۔