ٹی 10 لیگ میں کوچنگ، پی سی بی کا فیصل اقبال کو شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ

فیصل اقبال ٹی 10 لیگ میں نادرن واریئرز کے کوچ مقرر ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 29 نومبر 2021 15:21

ٹی 10 لیگ میں کوچنگ، پی سی بی کا فیصل اقبال کو شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 نومبر2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر فیصل اقبال کو بورڈ کو آگاہ کیے بغیر یو اے ای میں ٹی 10 لیگ میں کوچنگ کرنے پر شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ کرلیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق 41 سالہ فیصل اقبال قائداعظم ٹرافی میں بلوچستان ٹیم کے کوچ ہیں، ان کی بلوچستان کی ٹیم کے 2 کھلاڑیوں سے جھگڑے کی خبریں سامنے آئیں جس کے بعد وہ پی سی بی سے چھٹی لینے کے بعد کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیے بغیر یواے ای میں کھیلی جارہی ٹی 10 لیگ میں کوچنگ کرنے چلے گئے ۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے فیصل اقبال کو بورڈ کو آگاہ کیے بغیر یو اے ای ٹی 10 لیگ میں کوچنگ کرنے پر شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ واضح رہے کہ فیصل اقبال ٹی 10 لیگ میں نادرن واریئرز کے کوچ مقرر ہیں ۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کے قوانین کے تحت فیصل اقبال بغیر این اوسی ملک سے باہر نہیں جا سکتے تھے۔