رحیم یار خان میں غیرت کے نام پر 4 خواتین قتل

قتل کا واقعہ تھانہ کوٹ سمابہ کی حدود میں پیش آیا، قاتل نے بیوی سمیت 3 بیٹیوں کی جان لے لی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر پیر 6 دسمبر 2021 19:12

رحیم یار خان میں غیرت کے نام پر 4 خواتین قتل
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 دسمبر2021ء) رحیم یار خان میں غیرت کے نام پر 4 خواتین قتل، قتل کا واقعہ تھانہ کوٹ سمابہ کی حدود میں پیش آیا، مبینہ ملزمان گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں چار خواتین کو موت کی گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ رحیم یار خان میں تھانہ کوٹ سمابہ کی حدود میں پیش آیا ہے جہاں سفاک ملزم نے چار خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم خاتون کا خاوند ہے جس نے اپنی بیوی اور تین بیٹیوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جان سے جانے والی چار خواتین کے علاوہ ایک اور خاتون بھی زخمی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ چار روز قبل بھی غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ منظر عام پر آیا تھا جس میں 5 بچوں کی ماں کو موت کی گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔

جیکب آباد کے قریب مبارکپور تھانہ کی حدود گاؤں حرمت کیھر میں 5 بچوں کی ماں 35 سالہ مسمات سبھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق خاتون کو اس کے سوتیلے بیٹے، شوہر اور دیوروں نے ملکر غیرت کے نام پر قتل کیا تھا۔ پولیس نے خاتون کی لاش اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثہ کے حوالے کی۔ قتل ہونے والی خاتون کے والدہ مسمات رانی کیھر نے کہا کہ میری بیٹی پر اس کا شوہ، دیور اور سوتیلے بیٹے تشدد کرتے تھے۔

انہوں نے آئی جی سندھ سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ پولیس کے مطابق گھریلو تنازعہ پر اپنی سوتیلی ماں کو قتل کرنے والے ملزم کامل کیھر کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے آلہ قتل ٹی ٹی پسٹل بھی برآمد کرلیا گیا ہے اور گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ مبارکپور میں قانونی کارروائی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔