وکی کوشل، کترینہ کیف کی شادی کیلئے مہمانوں کی آمدشروع ہوگئی

کترینہ اور وکی کو شادی کی تصاویر ،تقریبات کی ویڈیوز ریکارڈ ،نشر کرنے کے حقوق فروخت کرنے کیلئے 100 کروڑ روپے کی پیشکش

منگل 7 دسمبر 2021 23:04

وکی کوشل، کترینہ کیف کی شادی کیلئے مہمانوں کی آمدشروع ہوگئی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی شادی کیلئے بھارت بھر سے مہمان ریاست راجستھان کے ضلع سوائی مدھوپور پہنچنا شروع ہوگئے۔انڈین میڈیا کے مطابق اداکارہ روینہ ٹنڈن، گلوکار شنکر مدھاون، گرداس مان، رنویر سنگھ، نیہا دھوپیا اور ان کے شوہر فلم ساز کبیر خان اور ملائیکا اروڑا سمیت کئی شوبز شخصیات راجستھان پہنچ گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وکی کوشل اور کترینہ کیف بھی ضلع سوائی مدھوپور کے پرتعیش سکس سینز ریزورٹ میں پہنچ چکے، جہاں ان کی شادی کی تقریبات ہوں گی۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق مجموعی طور پر 100سے 120افراد شادی کی تقریبات میں شرکت کریں گے اور شادی کیلئے ریاست کرناٹکا سمیت دیگر ریاستوں سے تازی سبزیاں اور پھل بھی شادی کے مقام پر پہنچائے جا چکے ہیں۔دوسری جانب یہ رپورٹس بھی ہیں کہ شادی کی تقریبات کیلئے سیکیورٹی کے تحت کچھ راستوں کو بند کرنے پر کترینہ کیف اور وکی کوشل کے خلاف ضلع سوائی مدھوپور میں پولیس شکایت بھی درج کروادی گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کترینہ کیف اور وکی کوشل کو شادی کی تصاویر اور تقریبات کی ویڈیوز ریکارڈ کرنے اور انہیں نشر کرنے کے حقوق فروخت کرنے کیلئے 100 کروڑ روپے کی پیشکش ہوئی ہے۔