پاکستان پہنچنے والا اربوں روپے کا لگژری بحری جہاز کسی سیاحتی یا کاروباری مقصد کیلئے استعمال نہیں ہو گا

جہاز کو کراچی بندرگاہ پر جگہ نہ دینے کی خبروں کی تردید، گڈانی شپ یارڈ پہنچائے جانے والے بحری جہاز کو صرف اسکریپ کیلئے استعمال کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی منگل 7 دسمبر 2021 22:12

پاکستان پہنچنے والا اربوں روپے کا لگژری بحری جہاز کسی سیاحتی یا کاروباری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2021ء) پاکستان پہنچنے والا اربوں روپے کا لگژری بحری جہاز کسی سیاحتی یا کاروباری مقصد کیلئے استعمال نہیں ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں پاکستان پہنچنے والے لگژری بحری جہاز کے استعمال کے حوالے سے وضاحت جاری کی گئی ہے۔ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستان پہنچنے والے لگژری بحری جہاز کو کاروباری اور سیاحتی مقصد کیلئے استعمال کیا جائے گا، جبکہ بعد ازاں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ جہاز کو کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی محمود مولوی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جہاز کو کراچی بندرگاہ آنا ہی نہیں تھا، جہاز کسی سیاحتی یا کاروباری مقصد کیلئے نہیں بلکہ اسکریپ کیلئے خریدا گیا۔

(جاری ہے)

جہاز کو 2 ارب روپے کی ادائیگی کے عوض خریدا گیا ہے، کانٹریکٹ میں بھی یہ بات واضح طور پر لکھی ہے کہ جہاز صرف اسکریپ کے مقصد کیلئے استعمال ہو گا۔

ان باتوں میں کوئی صداقت نہیں کہ لگژری جہاز کو کراچی بندرگاہ پر لنگرانداز ہونے کیلئے جگہ اور اجازت فراہم نہیں کی گئی۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ اطالوی لگژری بحری جہاز گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے پلاٹ نمبر42 پر لنگر انداز ہو چکا ہے۔ اس پرتعیش بحری جہاز کا وزن 24ہزار ٹن بتایا جاتا ہے، جہاز میں عملے سمیت2ہزار سے زائد افراد کے سوار ہونے کی گنجائش موجودہے، "انٹراس ایکسپرینینس" نامی مسافر بردار جہاز میں سفر کرنے والوں کیلئے ڈبل بیڈ کے 700کمرے،کیسینو،سوئمنگ پولز،تھیٹر سینما گھر،گیمز زون،فٹنس کلب،میڈیکل سینٹر،پارٹی ڈانسنگ ہال سمیت دیگر ایسی تمام سہولیات موجود ہیں جو کسی 7 اسٹار ہوٹل میں موجود ہوتی ہیں۔

مذکورہ شپ 1993ء میں اٹلی میں تیار کیا گیا، اس بحری جہاز کو 28سالوں تک دنیا کے مختلف ممالک میں سفری مدت پوری کرنے کے بعد اسکریپ کرنے کیلئے گڈانی پہنچایا گیا۔