آئی جی اسلام نے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن میں مؤثر کردار ادا کرنیوالے پولیس اہلکاروں کوتعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات دیئے

منگل 11 جنوری 2022 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2022ء) آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن میں مؤثر کردار ادا کرنے والے پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات دیئے۔ جوانوں نے حالیہ پولیس مقابلوں میں دلیرانہ مقابلہ کرتے ہوئے ڈکیتیوں میں ملوث گروپس کو گرفتار کیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق متحرک اور سنگین جرائم میں ملوث کریمینلز کے خلاف موثرکردارادا کرنے والے پولیس افسران و جوانوں کے اعزاز میں پولیس لائینز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پروقار تقریب کا انعقادکیا گیا، آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے ان پولیس افسران و جوانوں میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں، اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی آپریشنز ،ایس پی صدر،ایس پی انڈسٹریل ایریا، سی آئی اے ٹیم، تھانہ ترنول ،رمنا،نون اور کورال کے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و جوان موجود تھے،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ بلال گینگ سمیت دیگر جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے اور ان سے لوٹا گیا مال برآمد کرنے،اور ایسے سماج دشمن عناصر جو شہریوں کو لوٹنے قتل کرنے بالخصوص عورتوں کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہیں وہ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ایسے ملزمان کو گرفتار کرنے پر آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،ان کو گرفتار کرنے میں ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی آپریشنز اور پولیس ٹیموں نے بہت اچھا کام کیا،آپ سب میرا مان ہیں میرافخر ہیں میں امید کرتا ہوں کہ آئندہ بھی کریمینلز کے خلاف اسی طرح لڑتے رہیں گے، انھوں نے مزید کہا کہ قتل،ڈکیتی، رہزنی،چوری اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان کے خلاف پوری تفتیش کرتے ہوئے ان کومجاز عدالتوں سے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔