محکمہ زراعت پنجاب نے 30 جنوری تک گندم کی فصل کی بہتر نگہداشت کیلئے سفارشات جاری کر دیں

اتوار 16 جنوری 2022 00:08

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2022ء) محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ ایسے کاشتکار جنہوں نے دھان، کپاس،مکئی اور کماد کے بعد گندم کوکاشت کیا ہے وہ دوسرا پانی بوائی کے 80 تا90 دن بعد(گوبھ کے وقت)لگائیں جبکہ پچھتّی کاشت کیلئے پہلا پانی بوائی کی25 تا30دن بعد(شاخیں نکلتے وقت) لگائیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ گندم میں فاسفورسی کھادوں کے کم استعمال کے باعث گندم کی فصل پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

فاسفورسی کھادیں کم استعمال کرنے کی وجہ سے گندم کا پودا نرم اور سبز ہو جاتا ہے جس سے فصل گرنے اور بیماریوں کے حملے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔اس لئے ایسے کاشتکار جو گندم کی کاشت کے وقت فاسفورس کھاد کا سفارش کردہ مقدار میں استعمال نہیں کر سکے انہیں چاہیے کہ اگر بوقت کاشت انھوں نے اپنی زمین میں ڈیرھ تا دو بوری یوریا فی ایکڑ کھاد ڈالی ہے تو ایک بوری مونو امونیم فاسفیٹ(MAP)یا ڈیرھ بوری نائٹروفاس یا ڈیرھ بوری این پی کھاد(20-20)استعمال کریں۔

(جاری ہے)

اگر بوقت بوائی ایک بوری یوریا فی ایکڑ یا اس سے کم استعمال کی گئی ہو تو ڈیرھ بوری مونو امونیم فاسفیٹ(MAP) اور آدھی بوری یوریا استعمال کریں یا دو بوری نائٹروفاس یا دو بوری این پی (20-20)کھاد استعمال کریں۔ مونو امونیم فاسفیٹ،نائٹروفاس اور این پی کھادیں دوسری فاسفورسی کھادوں کی نسبت زیادہ حل پذیر ہوتی ہیں اس لئے ان کھادوں کوپانی کے ڈرم میں گھول کر نکہ کے اُوپر(فرٹیگیشن کے ذریعی) ڈالیں تاکہ فاسفورس پانی میں حل ہوکر جڑوں میں پہنچ جائے۔

بارانی علاقوں کے کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی بذریعہ گوڈی کریں جبکہ آبپاش علاقوں میں چوڑے پتوں(مینا، جنگلی ہالوں) اور نوکیلے پتوں( دمبی سٹی،جنگلی جئی) والی جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے محکمہ زراعت (توسیع) کے مقامی عملے کے مشورے سے سپرے کریں۔یاد رہے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کو جڑی بوٹی مار زہروں پر250روپے فی ایکڑ سبسڈی بھی دی جارہی ہے۔

سپرے کے دوران کسی جگہ دوہری سپرے نہ کریں اور نہ کوئی خالی جگہ رہنے دیں۔جڑی بوٹی مار زہروں کے سپرے کیلئے 100 تا120 لٹر پانی فی ایکڑ استعمال کریں۔معیاری سپرے کیلئے مخصوص فلیٹ فین نوزل یا ٹی جیٹ نوزل کا استعمال کریں۔زہر کے چھرکاؤ کے بعد گوڈی یا بار ہیرو کے استعمال سے گریز کریں۔کاشتکار تیز ہوا ،دھند یا بارش والے دن سپرے نہ کریں اور ترجیحاً سپرے دھوپ میں کریں۔

متعلقہ عنوان :