بلاگر کے قتل کی سازش کیلئے رقم پاکستانی بینک اکائونٹ میں بھیجی گئی، برطانوی عدالت کو آگاہی

رقم احمد وقاص گورایا کو قتل کرنے کے لیے گوہر خان اور مڈل مین کے درمیان ڈیل کا حصہ تھی ،کرائون پراسیکیوشن سروس

منگل 18 جنوری 2022 12:48

بلاگر کے قتل کی سازش کیلئے رقم پاکستانی بینک اکائونٹ میں بھیجی گئی، ..
ایمسٹرڈیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) نیدرلینڈز میں مقیم بلاگر و سماجی کارکن احمد وقاص گورایا کے قتل کی سازش کے الزام کا سامنا کرنے والے محمد گوہر خان کے ٹرائل کے تیسرے روز عدالت کو ایک بار پھر بتایا گیا ہے کہ کس طرح مبینہ طور پر قتل کا منصوبہ بنایا گیا اور کیسے منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے فنڈز منتقل کیے گئے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق مزمل کے نام سے شناخت ہونے والے مڈل مین، جس نے واٹس ایپ پر مڈز، زیڈ اور پاپا کے فرضی نام استعمال کیے، 2021 میں کئی ماہ تک گوہر خان سے رابطے میں رہا جس دوران بلاگر کے قتل کے لیے دونوں نے منصوبہ بندی اور اس کے لیے رقم پر بات کی۔کرائون پراسیکیوشن سروس نے کہا کہ یہ رقم احمد وقاص گورایا کو قتل کرنے کے لیے گوہر خان اور مڈل مین کے درمیان ڈیل کا حصہ تھی۔

(جاری ہے)

استغاثہ نے گوہر خان اور مڈل مین کے درمیان ڈیل کا تفصیلی خاکہ بھی پیش کیا جس کے مطابق ایک لاکھ پانڈ کا کل ادائیگی کا معاہدہ تھا، جس میں سے 80 ہزار مدعا علیہ کو اور باقی مڈل مین کو ادا کرنا تھا۔کیس کا ٹرائل رواں ہفتے جاری رہنے کا امکان ہے۔ادھرگوہر خان نے الزام سے انکار کیا اور اس نے کہا کہ اس کا ارادہ احمد وقاص گورایا کو قتل کرنے کا بلکہ پاکستان میں موجود افراد سے کیش لینا تھا۔گوہر خان نے اس بات سے انکار نہیں کیا کہ یہ وہی شخص ہے جس کی شناخت پولیس نے پیغامات کے تبادلے کے ساتھ مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں کی ہے۔