آسٹریلوی کپتان نے مسلمان کھلاڑی کے احترام میں شیمپین کے ساتھ جیت کا جشن روک دیا

DW ڈی ڈبلیو منگل 18 جنوری 2022 18:40

آسٹریلوی کپتان نے مسلمان کھلاڑی کے احترام میں شیمپین کے ساتھ جیت کا ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 18 جنوری 2022ء) ایشز ٹیسٹ سیریز کے دوران آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنس اب تک نہ صرف میدان میں اپنی تیز گیند بازی اور قیادت کی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ پیش کر رہے ہیں بلکہ وہ جیت کے جشن میں بھی اپنے تمام کھلاڑیوں کو یکساں اہمیت دے کر مداحوں سے داد وصول کر رہے ہیں۔

پانچ ٹیسٹ میچوں کی ایشز سیریز چار صفر سے جیتنے کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی جب پوڈیئم پر فاتح ٹرافی کے ساتھ شیمپئن کی بوتل کھول کر روایتی جشن منا رہے تھے تو آسٹریلیا کے پہلے مسلمان کھلاڑی عثمان خواجہ ایک جانب کھڑے ہوگئے، تاکہ ان پر الکوحل کے چھینٹے نہ پڑیں۔

لیکن کپتان کمنس نے ٹیم میں یکجہتی کی ایک عمدہ مثال قائم کرتے ہوئے ساتھی کھلاڑیوں کو شیمپئن شاور سے روک دیا اور عثمان خواجہ کو دوبارہ فاتح ٹیم کو جوائن کرنے کے لیے بلا لیا۔

(جاری ہے)

ساتھی کھلاڑی کے لیے احترام

پیٹ کمنس نے میچ کے بعد کہا کہ ان کی ٹیم میں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد موجود ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ ہر کوئی خوش اسلوبی کے ساتھ اپنے طریقے سے شامل ہوسکے۔

کمنس کے بقول، ''میں سمجھتا ہوں کہ اس کی ایک وجہ ایک دوسرے کے لیے بہت زیادہ احترام اور محبت ہے۔ ہمیں یہ یقینی بنانا تھا کہ ہماری ٹیم کا ساتھی تصویر میں موجود ہو۔‘‘

عثمان خواجہ نے ٹوئٹر پر کپتان کمنس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا، ''اگر یہ ویڈیو آپ کو یہ بات نہیں دکھا سکتی کہ لڑکے میری پشت پناہی کرتے ہیں، تو اور کیا دکھائے گا،‘‘

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پیدا ہونے والے عثمان خواجہ آسٹریلیا کے پہلے مسلمان اور پاکستانی نژاد کھلاڑی ہیں۔

بائیں بازو سے بلے بازی کرنے والے عثمان خواجہ کی اس سیریز میں ڈھائی سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہوئی تھی۔ انہوں نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ کے دوران دونوں اننگز میں شاندار سینچریز بنا کر چوتھے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں اپنی جگہ پکی کرلی تھی۔

سوشل میڈیا پر کپتان کمنس کی تعریف

پیٹ کمنس کے اس عمل کو شائقین کرکٹ سے لے کر سابق کھلاڑیوں اور مبصرین نے بھی بہت زیادہ سراہا ہے۔

ان کی یہ ویڈیو میچ کے بعد سوشل میڈیا پر فوراﹰ وائرل ہوگئی۔

پاکستان کے سابق فاسٹ بالر عمر گل نے ایک ٹویٹ میں لکھا، ''اچھا لیڈر ہمیشہ پوری ٹیم کا خیال رکھتا ہے اور سب کا یکساں احترام کرتا ہے اور patcummins30@ پیٹ کمنس نے وہ لیڈر بن کر دکھایا ہے۔‘‘

ع آ / ع ت (روئٹرز، اے ایف پی)