ٹنل کے اندر لگائی گئی سبزیوں کی آبپاشی اور کھاد کا استعمال بذریعہ ڈرپ اریگیشن کریں، ترجمان محکمہ زراعت

بدھ 19 جنوری 2022 22:22

اوکاڑہ۔19جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔19 جنوری2022ء) :ٹنل کے اندر لگائی گئی سبزیوں کی آبپاشی اور کھاد کا استعمال بذریعہ ڈرپ اریگیشن کریں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کاشتکار ٹنل ٹیکنالوجی کے تحت لگائی گئی سبزیوں کی بہتر دیکھ بھال سے بھرپور پیداوار حاصل کرسکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ٹنل کے اندر لگائی گئی سبزیوں کی آبپاشی اور کھاد کا استعمال بروقت کریں اگر ممکن ہو سکے تو بذریعہ ڈرپ اریگیشن کریں۔

سپرے کرنے اور کھاد ڈالنے کے بعد ٹنل کا منہ بند نہ کریں تاکہ ٹنل کے اندر گیس پیدا ہو کر نقصان نہ پہنچائے۔ دن کے وقت تقریباً صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ٹنل کے منہ کو دونوں طرف سے کھلا رکھا جائے تاکہ ٹنل کے اندر زیادہ نمی پیدا نہ ہو جو کہ بیماریوں کا موجب بنتی ہے اگر ممکن ہو تو ٹنل میں ہوا خارج کرنے والا پنکھا (Exhaust Fan) لگا دیں تاکہ بے جا نمی کو خارج کیا جائے اور درجہ حرارت مناسب رکھا جاسکے۔

(جاری ہے)

کوشش کریں کہ ٹنل میں درجہ حرارت 15 سے 30 درجہ سینٹی گریڈ کے درمیان رہے۔ پلاسٹک ٹنل میں کاشتہ سبزیاں بھی زیادہ سردی اور کورے سے متاثر ہو سکتی ہیں اس لئے کورے والی راتوں میں ٹنل کا منہ اندر سے بند کریں تاکہ اندر کا درجہ حرارت سبزیوں کی نشوونما کے لئے موزوں رہے اور دن میں 10 بجے ٹنل کا منہ کھولیں تاکہ اندر کا درجہ حرارت بڑھنے نہ پائے اور شام کو 4 بجے ٹنل کا منہ بند کر دیں تاکہ فصل کورے سے متاثر نہ ہو۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ بیلوں والی سبزیوں میں نر اور مادہ پھول الگ الگ ہوتے ہیں اس لیے اس میں اخلاط نسل خود بخود نہیں ہوتا لہٰذا کاشتکار یہ کام ہاتھ سے کریں اور ٹنل کے پلاسٹک اتارنے تک اس عمل کو جاری رکھیں کیونکہ پلاسٹک اتارنے کے بعد یہ کام مکھیاں سرانجام دیتی ہیں۔ پودوں کی دیکھ بھال کانٹ چھانٹ اور گوڈی وغیرہ کا بھی خاص خیال رکھیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کاشتکار ٹنل ٹیکنالوجی کے تحت اگائی گئی سبزیوں کی دیکھ بھال سے زیادہ منافع کما سکتے ہیں۔