کرکٹر شعیب اختر فٹبال ٹیلنٹ کی تلاش میں

DW ڈی ڈبلیو جمعرات 20 جنوری 2022 19:40

کرکٹر شعیب اختر فٹبال ٹیلنٹ کی تلاش میں

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 20 جنوری 2022ء) مایاناز پاکستانی کرکٹر، راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کو باصلاحیت پاکستانی فٹبال کھلاڑیوں کے 'ٹیلنٹ ہنٹ‘ کی ذمہ داری دے دی گئی ہے۔ اس پروگرام کی شروعات گلوبل ساکر وینچرز (جی ایس وی ) نیکسٹ جنریشن ساکر ٹرائلز اور وزیرِآعظم کے کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کے تعاون سے کی جارہی ہے تاکہ ملک میں نئے فٹبال ٹیلنٹ کو فروغ دیا جاسکے ۔

اس پروگرام کے تحت 20 انتہائی باصلاحیت نوجوان فٹبال کے کھلاڑیوں کو زندگی بدل دینے والے مواقع فراہم کرنے کا ارادہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے جاری کردہ بیانات کے مطابق دنیا کے تیز ترین بولر شعیب اختر،گلوبل ساکر وینچرز کے ہمراہ، پاکستان میں فٹبال کے مستقبل کوبہتر شکل دینے میں ایک اہم کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں منعقد ہونے والے اِن ٹرائلز پر جی ایس وی کثیر سرمایہ کاری کر رہا ہے اور قومی سطح پر اس مرحلے میں اسکاؤٹنگ اسسیسمنٹ کی ذمہ داری یورپی فٹ بال ایسوسی ایشنز کی یونین کے لائسنس یافتہ کوچ کیرل فرے آئی کریں گے جو سینٹ پیٹرک فٹ بال ایتھلیٹک کی نمائندگی بھی کر رہے ہیں۔

اس مرحلے میں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ میں منعقد کی جانے والی 4 ماسٹر کلاسز بھی شامل ہیں جن کا مقصد سینٹ پیٹرک فٹبال کلب کے ترقیاتی پروگرام کے ذریعے مقامی کوچنگ میں یورپی معیار کی مہارت پیدا کرنا ہے۔ گلوبل سوکر وینچرز جی ایس وی نے یو ای ایف اےکے لائسنس یافتہ کوچ کیرل فرے آئی کے ساتھ 10 شہروں میں فٹ بال ٹیلنٹ ہنٹ کے لیے ان سے معاہدہ کیا ہے۔

صلاحیتوں کی بنیاد پر، اِن ماسٹر کلاسز میں شرکت کے لیے تقریباﹰ 15 سے 25 کوچز کا انتخاب ہوچکا ہے جنہیں فٹبال کوچنگ کے طریقہ کار اور صلاحیتیں بہتر بنانے کے علاوہ دیگر مہارتیں بھی منتقل کی جائیں گی اور اس طرح وہ پاکستان میں سند یافتہ ٹرینر بن سکیں گے۔

رواں ہفتے اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں تمام پارٹنرز نے شرکت کی۔

سابقہ کرکٹر شعیب اختر اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں بات کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ وہ اپنی ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پاکستان میں فٹ بال کو مزید نظرانداز نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا،'' میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ فٹ بال کا کھیل پاکستانی کھلاڑیوں کے فائدے کے لیے پیشہ ورانہ اور اخلاقی طور پر دوبارہ سر اٹھائے۔

‘‘

گلوبل ساکر وینچرز کے سی ای او زیب خان کا کہنا تھا ملکی فٹ بال ختم ہونے کے دہانے پر ہے لیکن یہ پروگرام پاکستان کے اگلی نسل کے فٹ بال کھلاڑیوں کے لیے نئی امید پیش کرتا ہے۔

عثمان ڈار، نوجوانوں کے امور پر وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی اور کامیاب جوان پروگرام کے چیئرمین نے کہا، ''کھیلوں کی بحالی تحریکِ انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

پاکستان میں فٹ بال کی بحالی کے لیے جی ایس وی کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘‘

برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر ایلیسن بلیک برن نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ پاکستان میں باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو جی ای وی کی طرف سے یہ موقع ملے گا کہ وہ سینٹ پیٹرک کے ایتھلیٹک فٹ بال کلب کے ذریعے یو ای ایف اے کے بہترین کوچز سے فٹبال سیکھ سکیں گے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی شعیب اختر کا مزید کہنا تھا، ''اب وقت آگیا ہے کہ اس چیلنج کو قبول کریں جس کی پہلے کبھی کوشش نہیں کی گئی تھی، اور آئیے مل کر اٹہیں اور فٹ بال کے ساتھ نئی سرحدوں کو عبور کریں۔‘‘

رب/ک م (خبر رساں ادارے)