اگر کورونا پھیلا تو پی ایس ایل ایک ہفتے کیلئے موخر کردیں گے: سلمان نصیر

تیاری کی گئی ہے کہ ایک ہفتے کے وقفہ کے بعد دوبارہ ایونٹ کا انعقاد ممکن بنایا جائے: چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 21 جنوری 2022 15:40

اگر کورونا پھیلا تو پی ایس ایل ایک ہفتے کیلئے موخر کردیں گے: سلمان نصیر
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 جنوری 2022ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کہا ہے کہ کوروناوائرس زیادہ پھیلا اور حالات تشویشناک ہوئے تو پی ایس ایل سیزن 7 کو موخر بھی کیا جاسکتا ہے، تیاری کی گئی ہے کہ ایک ہفتے کے وقفہ کے بعد دوبارہ ایونٹ کا انعقاد ممکن بنایا جائے۔

(جاری ہے)

تفصیلا ت کے مطابق لیگ کے لیے آفیشل لائیو سٹریمنگ پارٹنر دراز کے ساتھ معاہدے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ کورونا دنیا بھر میں اثرانداز ہورہا ہے۔

سلمان نصیر نے کہا ہم کورونا سےبچاؤ کے لیے جتنی تیاری کرسکتے تھے ہم نے کی، پوری کوشش ہے کہ پی ایس ایل جاری رکھیں، کھلاڑیوں، پروڈکشن کریو اور سٹاف کا بیک اپ موجود ہے۔ کھلاڑیوں کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے لاہور لےجائیں گے، ہمارے پاکستانی کھلاڑی سٹارز ہیں۔ انہوں نے کہا کورونا زیادہ پھیلنے کی صورت میں پلان کے تحت لیگ کو ملتوی کیا جائے گا جبکہ تیاری کی گئی ہے کہ ایک ہفتے کے وقفہ کے بعد دوبارہ ایونٹ کا انعقاد ممکن بنایا جائے۔