کراچی گرین لائن بس پر نامعلوم شرپسندوں کا حملہ

مرکزی روٹ پر 4 مختلف مقامات پر مسافروں سے بھری بس پر پتھراو کیا گیا، بس کے سائڈ گلاس اور دیگر شیشے ٹوٹ گئے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 22 جنوری 2022 21:47

کراچی گرین لائن بس پر نامعلوم شرپسندوں کا حملہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2022ء) کراچی گرین لائن بس پر نامعلوم شرپسندوں کا حملہ، مرکزی روٹ پر 4 مختلف مقامات پر مسافروں سے بھری بس پر پتھراو کیا گیا، بس کے سائڈ گلاس اور دیگر شیشے ٹوٹ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے پہلے ماس ٹرانزٹ منصوبے کے افتتاح ابھی چند روز ہی گزرے کے اسے نقصان پہنچانے کی کوششیں شروع کر دی گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گرین لائنس بس پر پتھراو کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی کے علاقے نمائش سے سرجانی کے درمیان چلنے والی مسافروں سے بھری گرین لائن بس پر 4 مختلف مقامات پر پتھراو کیا گیا جس کے نتیجے میں بس کو نقصان پہنچا۔ پتھراو کے باعث بس کے سائڈ گلاس اور دیگر شیشے ٹوٹے، تاہم مسافر محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد گرین لائن بس انتظامیہ نے پولیس کو درخواست جمع کرا دی۔

گرین لائن بس پر پتھراو کے واقعے کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ گرین لائن بس پر حملہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام کو طویل عرصہ کے انتظار کے بعد پر آسائش اور آرام دہ سروس مہیا کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے گرین لائن بس سروس فراہم کی گئی تھی، اس کامیاب منصوبہ کو شرپسند عناصر نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی جو کہ انتہائی تشویش ناک عمل ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ایس آئی ڈی سی ایل نے باقاعدہ پولیس کو کمپلین بھی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرین لائن بس پر پتھراو کی انکوائری ہونی چاہیے، اس طرح کے واقعات کو مانیٹر کررہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گرین لائن بس پر حملہ میں ملوث تمام عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائیں گے۔ گورنر سندھ نے ڈی جی رینجرز سندھ سے فون پر رابطہ کیا اور وقوعہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رینجرز اہلکاروں کو گرین لائن کے روٹ پر گشت کے لیئے بھی کہا ہے تاکہ آئندہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹا جاسکے۔