بنا اجازت سویاں کھانا جرم بن گیا، سگا باپ اور سوتیلی ماں جلاد بن گئے

معصوم بیٹی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، متاثرہ بچی کو پائپ اور تاروں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 26 جنوری 2022 00:48

بنا اجازت سویاں کھانا جرم بن گیا، سگا باپ اور سوتیلی ماں جلاد بن گئے
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جنوری2022ء) بنا اجازت سویاں کھانا جرم بن گیا، سگا باپ اور سوتیلی ماں جلاد بن گئے، معصوم بیٹی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، متاثرہ بچی کو پائپ اور تاروں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے اکبر ٹاؤن میں سویاں کھانے پر سوتیلی ماں اور سگے باپ نے 13 سالہ بیٹی زینب کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچی کا کہنا ہے کہ پائپ اور تاروں سے مارا گیا، والدین معمولی معمولی بات پر تشدد کرتے تھے۔ رپورٹ کے مطابق ظالم والدین اپنی معصوم بچی کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کیے بیٹھے تھے، والدین نے قتل کی نیت سے آہنی راڈ اور گیس پائپ سے بچی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن ٹیم جب گھر پہنچی تو انہیں متاثرہ بچی نیم بیہوش کی حالت میں ملی۔

متاثرہ بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تحویل میں لے لیا۔ جبکہ سٹی پولیس آفیسر غلام مبشر میکن کے نوٹس پر سٹی پولیس آفیسر کے حکم پر ایس ایچ او منصور آباد اور اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف مقدمے میں 4 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے فیصل آباد کے تھانہ منصور آباد کی حدود میں کمسن بچی پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے بچی پرتشدد کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیاہے اورہدایت کی ہے کہ تشدد کا نشانہ بننے والی بچی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچی پر تشدد انسانیت سوز عمل اور ناقابل برداشت فعل ہے۔پولیس نے تشدد کرنیوالے ملزمان باپ اورسوتیلی ماں کوگرفتار کرلیا ۔