سعودی عرب میں شدید سردی کی نئی لہر کا الرٹ جاری

شمالی علاقوں میں فجر کے وقت پانی جم جائے گا، سردی کی نئی لہر سے سعودی عرب کا وسیع رقبہ متاثر ہوگا

muhammad ali محمد علی جمعرات 27 جنوری 2022 21:59

سعودی عرب میں شدید سردی کی نئی لہر کا الرٹ جاری
ریاض (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جنوری 2022ء) شمالی علاقوں میں فجر کے وقت پانی جم جائے گا، شدید سردی سے وسیع رقبہ متاثر ہوگا، سعودی عرب میں شدید سردی کی نئی لہر کا الرٹ جاری۔ تفصیلات کے مطابق گرم موسم کیلئے مشہور خلیجی ملک سعودی عرب ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ جبکہ اب مملکت میں انتہائی شدید سردی کی نئی لہر آنے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں جمعرات سے سردی کی نئی لہر کے آغاز کی پیشن گوئی کی گئی ہے، بتایا گیا ہے کہ سردی کی یہ نئی لہر اس قدر شدید ہو گی کہ سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر جائے گا، جبکہ دیگر ریجنز میں بھی موسم شدید سرد ہو جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ سردی کی اس شدید لہر کے دوران مملکت کے شمالی علاقوں میں فجر کے وقت پانی جم جائے گا جبکہ اس لہر سے سعودی عرب کا وسیع رقبہ متاثر ہوگا۔

(جاری ہے)

سعودی ماہر موسمیات کے مطابق قطبی سرد لہر نے کئی عرب ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور جمعرات سے اس کا رخ سعودی عرب کے شمالی علاقوں کی طرف ہو جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ شدید سردی کی یہ یورپی لہر پہلے سعودی عرب کے شمالی علاقوں اور پھر وسطی علاقوں کا متاثر کرے گی۔جاری الرٹ کے مطابق سردی کی اس لہر کے دوران سعودی عرب کے شمالی ریجن کے پہاڑی علاقوں میں برفباری ہونے اور وسطی علاقوں میں مطلع غبار آلود رہنے کا امکان ہے۔

یہاں واضح رہے کہ کچھ روز قبل جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب میں شدید سردی کا 30 برسوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ مملکت کے کئی شہروں میں گزشتہ ہفتے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا تھا ۔ سعودی عرب میں سب سے کم درجہ حرارت طریف میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ 30 سالوں کے دوران سعودی عرب میں ریکارڈ کیا گیا کم ترین درجہ حرارت ہے۔ جبکہ اس وقت بھی سعودی عرب کے کئی شہروں نے برف کی چادر اوڑھ رکھی ہے۔