چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے نائیجیریا کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل لکی ایلونئے اونینیوچیا لیو ایرابور کی ملاقات

جمعہ 22 اپریل 2022 00:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2022ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے نائیجیریا کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل لکی ایلونئے اونینیوچیا لیو ایرابور نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون کے امور بشمول سیکورٹی، فوجی تبادلوں، تربیت اور موجودہ علاقائی ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نائیجیریا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے کہا کہ ان باہمی فائدہ مند بات چیت سے دو طرفہ دفاعی تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں، تعاون کو تقویت ملی ہے اور دونوں افواج کے درمیان باہمی مفاہمت میں اضافہ ہوا ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے نائیجیریا اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

معزز مہمان نے جے ایف 17 لڑاکا طیارے کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ JF-17 طیارہ، اپنی منفرد جنگی صلاحیتوں کے ساتھ، نائیجیریا کی سیکورٹی کی ضروریات کو پورا کرنے میں ایک طاقتور پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے جنرل لکی ایلوونی اونینچیا لیو ایرابور کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔