میرا بیٹا اور ندیم کا بھتیجا ہونے کا دبائو اعظم کو عمر بھر برداشت کرنا ہے: معین خان

تنقید کرنے والے خیر خواہ ہوتے ہیں جو آپ کی بہتری چاہتے ہیں، اعظم ان چیزوں کا سامنا کرتے ہوئے پرفارم کرنے کی کوشش کررہا ہے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 اپریل 2022 12:46

میرا بیٹا اور ندیم کا بھتیجا ہونے کا دبائو اعظم کو عمر بھر برداشت کرنا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 اپریل 2022ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے کہا ہے کہ میرا بیٹا اور ندیم خان کا بھتیجا ہونے کا دبائو اعظم خان کو عمر بھر برداشت کرنا ہے، تنقید کرنے والے خیر خواہ ہوتے ہیں جو آپ کی بہتری چاہتے ہیں، اعظم خان ان چیزوں کا سامنا کرتے ہوئے پرفارم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ وہ فارم اور فٹنس ثابت کرکے ہی قومی ٹیم میں واپس آسکتا ہے، کھلاڑی کو چاہیے کہ قومی ٹیم میں ہوتو جگہ برقرار رکھنے کیلیے مسلسل محنت کرے، اگر باہر ہوجائے تو سوچے کہ کس وجہ سے ٹیم میں تھا اور کیوں ڈراپ ہوا، کسی بھی سطح کی کرکٹ یا لیگز ہوں اپنی کارکردگی سے ثابت کرے کہ میں کم بیک کا اہل ہوں، اعظم کی پی ایس ایل میں کارکردگی اچھی رہی، فارم اور فٹنس قومی ٹیم کے معیار سے ہم آہنگ ہوئی تو جگہ بھی بن جائے گی۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل میں اعظم کے اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے کے سوال پر معین خان نے کہا کہ وکٹ کیپنگ اعظم کی کرکٹ کا اہم جزو ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد بھی کیپنگ کرتے ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ میں اعظم خان کو دونوں شعبوں میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا۔ ایک میچ میں اعظم خان کے ہاتھوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پٹائی کے سوال پر انھوں نے کہا کہ بیٹے کی پرفارمنس کسی بھی باپ کیلیے ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتی ہے مگر بطور کوچ دکھ بھی ہورہا تھا کہ میری ٹیم کے بولرز کی پٹائی کیوں ہورہی ہے۔