شاہد آفریدی مجھ پر اسلام قبول کرنے کیلئے دباؤ ڈالتے رہے، دانش کنیریا

ہندو ہونے کی وجہ سے سابق کپتان کا میرے ساتھ رویہ درست نہیں تھا: سابق لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 6 مئی 2022 11:54

شاہد آفریدی مجھ پر اسلام قبول کرنے کیلئے دباؤ ڈالتے رہے، دانش کنیریا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 مئی 2022ء ) سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ سابق ٹیسٹ لیگ سپنر دانش کنیریا نے الزام لگایا ہے کہ ہندو ہونے کی وجہ سے سابق کپتان شاہد آفریدی کا میرے ساتھ رویہ درست نہیں تھا اور وہ مجھ پر اسلام قبول کرنے کے لئے دباو ڈالتے رہے۔ ایک بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں دانش کنیریا نے الزام لگایا کہ سابق چیئرمین اعجاز بٹ نے میرا موقف تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور میری کرکٹ ختم ہوگئی۔

دانش کنیریا نے الزام لگایا کہ سب سے پہلے شعیب اختر نے آفریدی کے بارے میں یہ بات سرکاری ٹی وی پر آکر کہی۔ پاکستان ٹیم میں بڑے بڑے کھلاڑی شامل تھے ، میرے مسائل ہمیشہ شاہد آفریدی کے ساتھ رہے۔ شاہد آفریدی پاکستان ٹیم میں مجھ سے اچھا رویہ نہیں رکھتے تھے اورمجھے ہمیشہ گرانے کی کوشش کرتے تھے۔

(جاری ہے)

دانش کنیریا نے کہا کہ شعیب اختر نے آفریدی کا نام نہیں لیا تھا، مجھے فخر ہے کہ میں پاکستان کے لئے کھیلا۔

پاکستان ٹیم میں انضمام الحق،شعیب اختر،معین خان راشد لطیف ،یونس خان اور کئی بڑے نام کھیلتے تھے لیکن مجھے شاہد آفریدی سے مسائل رہے۔ ہم ایک ڈپارٹمنٹ کے لئے کھیلتے تھے۔ آفریدی کا کرکٹ میں بڑا نام ہے۔ وہ میرے ڈپارٹمنٹ کے کپتان تھے اس لئے وہ مجھے ڈپارٹمنٹ میں مجھے باہر بٹھا دیتے تھے۔ مجھے کاونٹی کرکٹ کھیلنا ہوتی تھی اگر ڈپارٹمنٹ میں نہیں کھیلتا تو کاونٹی معاہدے میں مجھے مشکلات پیش آتی تھیں۔

شاہد کی جگہ جب یونس خان کپتان بنے تو وہ مجھے سارے میچ کھلاتے تھے۔ فیلڈنگ پریکٹس میں بھی وہ مجھے پر جملے کستے تھے ایک بار جب مجھے سینٹرل کنٹریکٹ میں اے کٹیگری ملی تو شاہد آفریدی نے مجھے فیلڈنگ پریکٹس میں وہ جملے کسے جنہیں میں ٹی وی پر بیان نہیں کرسکتا۔ دانش کنیریا نے کہا کہ شاہد آفریدی مجھے نظر انداز کرتے تھے میں ان کے ساتھ بات چیت بھی نہیں کرتا تھا اور دور رہتا تھا جب محمد یوسف نے اسلام قبول کیا تو پرویز مشرف نے مجھے سپورٹ کیا ایک ڈنر میں صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہا کہ اگر تمہیں کوئی تنگ کرے تو مجھے بتاتا۔

میں شاہد کی وجہ سے ڈسٹرب رہتا تھا۔ دانش کنیریا نے کہا کہ محمد یوسف کو اسلام قبول کرنے کے لئے کسی نے دباو نہیں ڈالا ،مسلمان بننا ان کا ذاتی فیصلہ تھا۔ شاہد آفریدی کو دیگر کھلاڑی کہتے تھے کہ اسے تنگ نہ کرو،میں خوش نصیب ہوں کہ پاکستان ٹیم میں تمام کھلاڑی مجھے سپورٹ کرتے تھے۔ جب سپاٹ فکسنگ میں مجھ پر پابندی لگی تو شاہد آفریدی نے کہا کہ دانش پر پابندی درست لگی جبکہ وہی آفریدی محمد عامر کی اسی طرح کے کیس میں حمایت کرتے رہے۔