Live Updates

عدالت نے انتظامیہ کو 18مئی تک شیخ رشید کو گرفتار کرنے سے روک دیا

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی عبوری ضمانت ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کےعوض منظور کر لی گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 6 مئی 2022 13:43

عدالت نے انتظامیہ کو 18مئی تک شیخ رشید کو گرفتار کرنے سے روک دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2022ء) عدالت نے انتظامیہ کو سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو 18مئی تک گرفتار  سے روک دیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے شیخ رشید کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔جسٹس عبدالعزیز چوہدری نے شیخ رشید کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست منظور کی ۔ شیخ رشید کی عبوری ضمانت ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کےعوض منظور کی گئی۔

عدالت نے مقدمات کے اخراج کیلئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ۔خیال رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی ۔شیخ رشید نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کی تھی۔مسجد نبویؐ میں پیش آئے واقعہ پر فیصل آباد میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، شیخ رشید، فواد چوہدری، شہباز گِل، قاسم سوری، انیل مسرت اور صاحبزادہ جہانگیر سمیت ڈیڑھ سو افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

فیصل آباد میں درج پرچے کے مطابق انیل مسرت اور صاحبزادہ جہانگیر واقعے کے وقت مدینے میں موجود تھے۔مقدمے میں توہینِ مذہب کی دفعہ سمیت 4 دفعات لگائی گئی ہیں، جن کے تحت عمر قید بھی ہوسکتی ہے۔راولپنڈی کے تھانہ گوجر خان اور تھانہ سول لائن میں بھی شیخ رشید کے خلاف مقدمات درج کرنے کی درخواستیں دے دی گئی ہیں۔علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ نے شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

پولیس نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر شیخ راشد شفیق کو اٹک کے ڈیوٹی جج کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے پولیس پر برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے پولیس سے سوال کیا کہ شیخ راشد شفیق کا موبائل فون برآمد کیوں نہیں کیا گیا اس پر پولیس نے مؤقف اپنایا کہ شیخ راشد شفیق کا موبائل فون سعودی عرب میں رہ گیا ہے۔ عدالت نے پولیس کو موبائل کا آئی ایم ای آئی نمبر ٹریس کرکے موبائل فون عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات