حکومت کا ہفتے کی چھٹی بحال نہ کرنے کا فیصلہ

سرکاری دفاتر کے اوقات کار صبح 8 بجے سے 3 بجے تک ہوں گے،وزیراعظم کی منظوری کے بعد نوٹیفیکیشن جاری

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 6 مئی 2022 16:26

حکومت کا ہفتے کی چھٹی بحال نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2022ء) حکومت نے ہفتے کی چھٹی بحال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم کی منظوری کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔سرکاری دفاتر کے اوقات کار میں کمی کر دی سرکاری دفاتر کے اوقات کار صبح 8 بجے سے 3 بجے تک ہوں گے جب کہ جمعے کے روز 8 بجے سے ایک بجے تک ہوں گے۔اس سے قبل سرکاری اوقات کار صبح 9 سے 5 بجے تک تھے۔

حکومت کی جانب سے عیدالفطر کے بعد ہفتے کی چھٹی بحال کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی ہفتہ وار دو چھٹیاں کم کرکے ایک کردی گئی تھیں جس پر متعدد حلقوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور وزیراعظم سے ہفتے کی چھٹی دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ حکومت پر کام کے حوالے سے کافی دباؤ ہے کہ اس وقت زیادہ سے زیادہ کام کیا جائے۔

(جاری ہے)

کہا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عید الفطر کے بعد ہفتہ کی چھٹی بحال کر دی جائے گی تاہم ایسا نہ ہوا۔علاوہ ازیں بینکوں کے ملازمین نے پشاور پریس کلب کے سامنے ہفتے کی چھٹی کے خاتمے کے خلاف مظاہرہ کیا ، مظاہرے کی کال خیبر بینک ایمپلائز یونین کی جانب سے دی گئی تھی ، مظاہرے کی قیادت بینک آف خیبر ایمپلائز یونین کے صدر طارق نواز اور دیگر کر رہے تھے۔

مظاہرین نے کہا کہ ہفتے کی چھٹی کے باعث عام عوام کو ہفتے کے دن بینک نہیں آنا پڑتاتھا اور اسی عادت کے باعث ہفتے کے دن بینک میں کام نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صبح آٹھ بجے سے بینک ملازمین بینکوں میں حاضر ہوتے ہیں اور شام تک اپنا کام کرتے ہیں تاہم ہفتے کی چھٹی کے باعث غمی خوشی اور بچوں کو وقت دینے میں سہولت تھی جو ختم کر دی گئی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہفتے کے دن کی چھٹی دوبارہ بحال کی جائے۔