Live Updates

متحدہ عرب امارات کا صدر منتخب ہونے پر عمران خان کی شیخ محمدبن زاید النہیان کو مبارکباد

بطوروزیراعظم میں نے ذاتی طور پر ان کی پاکستان سے برادرانہ محبت کا مشاہدہ کیا ‘ ان کی بصیرت ہی کا نتیجہ ہے کہ یو اے ای عالمی منظرنامے پر ایک کلیدی اقتصادی و سیاسی کردارمیں ڈھل رہا ہے ۔ سابق وزیر اعظم کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 15 مئی 2022 11:36

متحدہ عرب امارات کا صدر منتخب ہونے پر عمران خان کی شیخ محمدبن زاید النہیان ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 مئی 2022ء ) سابق وزیر اعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کا صدر منتخب ہونے پرشیخ محمد بن زاید النہیان کو مبارک باد دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا صدر منتخب ہونے پر میں شیخ محمد بن زاید النہیان کودلی مبارکباد پیش کرتاہوں ، یہ ان کی بصیرت ہی کا نتیجہ ہے کہ متحدہ عرب امارات عالمی منظرنامے پر پہلے ہی سے ایک کلیدی اقتصادی و سیاسی کردارمیں ڈھل رہاہے ، بطوروزیراعظم میں نے ذاتی طور پر ان کی پاکستان سے برادرانہ محبت کا مشاہدہ کیا۔

 
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران 73 سالہ عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید النہیان انتقال کر گئے تھے جس کے بعد شیخ محمد بن زاید النہیان متحدہ عرب امارات کے نئے صدر منتخب ہو گئے ، سپریم کونسل نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ شیخ محمد بن زاید النہیان متحدہ عرب امارات کے نئے صدر ہوں گے ، 61 سالہ رہنما ء شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال کے بعد ملک کے تیسرے صدر ہوں گے ، نومبر 2004 سے ابوظہبی کے ولی عہد کے طور پر خدمات انجام دینے والے شیخ محمد بن زاید النہیان ابوظہبی کے 17ویں حکمران بھی ہوں گے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی رحلت پر اظہار تعزیت کیا ، انہوں نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی رحلت کے بارے میں جان کر واقعتاً نہایت رنجیدہ ہوں۔ وہ پاکستان کے ایک عظیم دوست اور اپنے لوگوں کے صاحبِ بصیرت رہنما تھے ، میری دعائیں اور ہمدردیاں شاہی خاندان اور اماراتی عوام کے ساتھ ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات