معیشت پر نظر رکھنے کیلئے مستقل بنیادوں پر تھنک ٹینک قائم کیا جائے ‘ ٹیکس ایڈوائزرزایسوسی ایشن

ایف بی آر کے سٹرکچر میں تبدیلی کیلئے جامع اسٹڈی کرائی جائے‘ چیئرمین عامر قدیر کا مذاکرے سے خطاب

پیر 16 مئی 2022 13:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2022ء) چیئرمین ریونیو ایڈوائزرز ایسوسی ایشن عامر قدیر نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کے حوالے سے ہر لمحے بدلتی صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے مستقل بنیادوں پر تھنک ٹینک کا قیام عمل میں لائے ،با اختیار اور خود مختارتھنک ٹینک کو لانگ ٹرم اورشارٹ ٹرم پالیسیوں کی تشکیل کی ذمہ داریاںبھی سونپی جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی معیشت کی صورتحال کے موضوع پر منعقدہ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق صوبائی نگران وزیر خزانہ ضیا ء حیدر رضوی،مرکزی جنرل سیکرٹری آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر،ٹیکس بار ارشد اقبال رانا،اختر انصاری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ تھنک ٹینکس نامور معاشی ماہرین ،ٹیکس بارز،چیمبرز ، معیشت سے متعلقہ تعلیم دینے والے انسٹیٹیوٹس،ٹیکنو کریٹس اور حکومتی نمائندوں پر مشتمل ہو جو معیشت کے حوالے سے ہر موضوع پر سوچ بچار کرے اور حکومت کو فیصلہ سازی میں رہنمائی بھی فراہم کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خود مختار اور با اختیار تھنک ٹینک کو معیشت سے متعلقہ تمام امور کی کڑی نگرانی کرنے کا بھی اختیار ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ صرف حکومت اور بیورو کریسی مل کر معیشت کو درست نہیں کر سکتے بلکہ اس کا دائرہ وسیع کرنا نا گزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے ادارے کے سٹرکچر میں تبدیلی بھی نا گزیر ہے اور اس کے لئے جامع اسٹڈی کرانے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :