قبائلی ضلع کرم میں شدید طوفانی ہواؤں کی زدمیں آکر132 کے وی مین ٹرانسمیشن لائن کا ایک ٹاور مکمل طورپرٹوٹ کر زمین بوس

پیر 16 مئی 2022 21:39

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2022ء) قبائلی ضلع کرم میں شدید طوفانی ہواؤں کی زدمیں آکر132 کے وی مین ٹرانسمیشن لائن کا ایک ٹاور مکمل طورپرٹوٹ کر زمین بوس ہونے کے باعث ضلع بھر کے تمام علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں جبکہ بجلی کی ناروالوڈشیڈنگ اور دیگر مطالبات کے حق میں لوئر کرم کے مرکزی شہرصدہ میں سینکڑوں دکانداروں اور تاجروں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کرکے پارہ چنار ٹل مرکزی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی شام تیزہواؤں کے باعث لوئر کرم کے علاقہ میروکس میں 132 کے وی مین ٹرانسمیشن لائن کا ایک بھاری ٹاورٹوٹ کر زمین بوس ہوگیا جس کی وجہ سے پورے ضلع میں بجلی کی فراہمی گزشتہ تین روز سے معطل ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کچھ شرپسند عناصرمبینہ طورپران بڑے ٹاور کے نٹ بولٹ کھول دیتے ہیں جن کے باعث ہوا کے معمولی دباؤ کے باعث خود ہی ٹوٹ کرٹاور گرجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھرپیر کے روز انجمن تحفظ حقوق دکانداران صدہ کی کال پر بجلی کی ناروالوڈشیڈنگ اور دیگر مطالبات کے حق میں لوئر کرم کی تحصیل ہیڈکوارٹر صدہ بازار کے سینکڑوں دکانداروں اور تاجروں نے شٹرڈاؤن ہڑتال کرکے بازار مکمل طورپر بندکئے رکھا ۔اس موقع پر تمام بازار اور تجارتی مراکز بند رہے۔ مظاہرین نے احتجاجی دھرنا دے کر ٹل پارہ چنار مرکزی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا جس کی وجہ سے ڈیوٹی پر جانے والے سرکاری اہلکاروں اور دیگر مساافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔

اس موقع پرانجمن کے صدر ارشاد نے احتجاجی دھرنا کے شرکاء سے کہا کہ واپڈا والوں نے غیرقانونی طورپر متعدد کارخانوں کو بجلی دی ہے جہاں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جاتی جبکہ غریب عوام پر بجلی بند کی جاتی ہے جو ظلم و زیادتی ہے۔ متعدد بار انتظامیہ اور واپدا والوں سے گفت و شنید ہوئی لیکن کوئی مثبت نتائج نہیں نکلے ۔تاجر برادری نے مقامی انتظامیہ اور واپدا والوں کو دھمکی دی کہ شہریوں کے ساتھ عرصہ دراز سے جاری رکھا جانے والا سوتیلی ماں جیساسلوک کو فی الفور بند کیا جائے ورنہ حالات کی خرابی کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ۔