Live Updates

عام انتخابات میںبہت سی ضمانتیں ضبط ،تحریک انصاف دو تہائی اکثریت حاصل کریگی‘ ہمایوں اختر خان

سازش کے ذریعے آنے والی حکومت کا جہاز رن وے پر ہی کھڑا رہ گیا ہے ،ٹیک آف نہیں کر سکا ‘ مرکزی رہنماپی ٹی آئی

جمعرات 19 مئی 2022 11:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اقتدار میں رہتے ہوئے ملکی خزانے میں نقب نہیں لگائی اور یہی وجہ ہے کہ حکومت سے الگ ہونے کے بعد وہ سرے محل یا پارک لین نہیں بلکہ سیدھے اپنے گھر بنی گالہ گئے ،سازش کے ذریعے حکومت ختم کئے جانے کے بعد تحریک انصاف ایک غیر معمولی طاقت بن کر ابھری ہے اور ہمارے مخالفین کو آج اپنی سیاسی بقاء کا سامنا ہے ،ان شا اللہ آئندہ عام انتخابات میںبہت سی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی اورتحریک انصاف دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہارانہو ں نے آزادی مارچ کی آگاہی مہم کے سلسلہ میں این ای131میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان سے تاجر رہنمائوں نے بھی ملاقات کی اور آزاد مارچ میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان ملک میں ایسے طبقات کی آواز بن گیا ہے جن کی پہلے کوئی آواز نہیں تھی ،عمران خان نے ثابت کیا ہے کہ وہ نوجوانوں،کسانوں، غریبوں، تاجروں اور ہر اس طبقے کی آواز ہے جنہیں نظر انداز کیا گیا ،آج عوام کی سوچ بدل گئی ہے اور وہ بلے کے نشان پر ٹھپہ لگانے کیلئے بیتاب ہیں،لاکھوں عوام آئندہ عام انتخابات کے جلد سے جلد انعقاد کی تاریخ لینے اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے ۔

انہوںنے کہا کہ کئی کئی دہائیوں تک حکمرانی کرنے کے باوجود ناکام رہنے والے سازش کے ذریعے دوبارہ اقتدار پر بٹھا دئیے گئے ہیں اوراسی کے شدید رد عمل میںیہ تحریک اٹھی ہے ،اس میں وہ طبقہ بھی شامل ہے جو سیاست میں حصہ نہیں لیتا تھا لیکن اب وہ بھی عمران خان کے شانہ بشانہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جدوجہد کبھی بھی آسان نہیں ہوتی ،اس میںمختلف مراحل اور آزمائشیں آئیں گی لیکن عمران خان کی نیت صاف ہے اور اللہ پاک انہیں کامیابی عطا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو یہ دعوے کرتے نہیں تھکتے تھے کہ وہ بڑے تجربہ کار ہیںانہیں حکومت میں آنے کے بعد سمجھ نہیں آرہی اب وہ کیا کریں ،اب لندن بھاگے جارہے ہیں لیکن وہاں بھی سے ہاتھ کھڑے کر دئیے گئے ہیں، حکومتی اتحاد میں پہلے دن سے نا اتفاقی ہے اور سازش کے ذریعے آنے والی حکومت کا جہاز رن وے پر ہی کھڑا رہ گیا ہے اور ٹیک آف نہیں کر سکا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر صورت اسلام آباد پہنچنا ہے کیونکہ یہ ملک کی حقیقی آزادی اور خود مختاری کی جنگ ہے اور یہ ضرور کامیاب ہو گی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات