سندھ ہائی کورٹ نے کالعدم تنظیم کے کارکنوں اسحاق بوبی اور عاصم کیپر کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں منظور کرلیں

جمعہ 20 مئی 2022 16:15

سندھ ہائی کورٹ نے کالعدم تنظیم کے کارکنوں اسحاق بوبی اور عاصم کیپر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) سندھ ہائی کورٹ نے امام بارگاہ پر دھماکے میں کالعدم تنظیم کے کارکنوں اسحاق بوبی اور عاصم کیپر کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ۔سندھ ہائیکورٹ نے امام بارگاہ پر دھماکے میں کالعدم تنظیم کے کارکنوں کی سزاؤں کے خلاف اپیل پر فیصلہ سنادیا۔

استغاثہ جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزمان اسحاق بوبی اور عاصم کیپری کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ اگر کسی اور مقدمے میں ملوث نا ہوں تو رہا کردیا جائے۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان پر اکتوبر 2016مین ایف سی ایریا میں واقع امام بارگاہ پر دھماکہ کرنے کا الزام تھا۔ دھماکے میں فراز نامی شہری جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ ماتحت عدالت نے کالعدم لشکرِ جھنگوی کے اسحاق بوبی اور عاصم کیپری کو دو دو بار پھانسی کی سزا سنائی تھی۔ ملزمان کو عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کے قتل سمیت متعدد مقدمات میں سزا ہوچکی ہے۔