سرسید یونیورسٹی میں کامیاب جوان کے دوسرے بیچ کی تقریبِ تقسیمِ اسناد

جمعہ 20 مئی 2022 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام ''کامیاب جوان پروگرام'' کے دوسرے بیچ کی تقریبِ تقسیمِ اسناد کا انعقاد کیا گیا۔جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے رجسٹرار سید سرفراز علی کے ہمراہ ووکیشنل ٹریننگ کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے والے طلبا میں اسناد تقسیم کیں۔

ڈاکٹر ولی الدین نے کہا ہے کہ اب معیار تبدیل ہوچکا ہے،ڈگری کے علاوہ اب کمپنی مختلف ٹریڈز میں پیشہ وارانہ تربیت اور تیکنیکی مہارت کوترجیح دیتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کے نتیجے میں عملی تربیت یافتہ افراد سامنے آئیں گے اور اس پروگرام میں طلبا کو ایسے ٹریڈز میں عملی تربیت دی جارہی ہے جن کی مارکیٹ میں بہت مانگ ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رجسٹرار سید سرفراز علی نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی نے کامیاب جوان پروگرام کے دو بیچوں کا کامیابی کے ساتھ انتظام کیا جس میں 850طلبا نے 76 فیصدملازمتیں حاصل کر لیں یا اپنا کاروبار شروع کیا۔

گیم ڈیولپمنٹ،انٹرنیٹ آف تھنگ، انڈسٹرئیل آٹو میشن، پروجیکٹ میجنمنٹ پروفیشنل، بلاک چین، اور نیٹ ورکنگ اور کلائوڈ کمپیوٹنگ کے شعبے میں تقریبا سترہ اسٹارٹ اپ کا آغاز کیا۔کامیاب جوان پروگرام کے تیسرے بیچ کے لیے 25 ہزاردرخواستیں موصول ہوئیں ۔شرکا میں پروفیسر ڈاکٹر عقیل الرحمن، پروفیسر ڈاکٹر لبنی فرحی، ڈاکٹر شکیل، ڈاکٹر نسیم، انجینئر ندیم قیوم، مناف ایڈوانی، ڈاکٹر ریحان شمس، زبیر حمیدی، ڈاکٹر طاہر فطانی، نعمان علی خان، فیکلٹی ممبرز اور طلبا کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔