اسلام آباد ہائی کورٹ نے رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کوگرفتاری سے روک دیا

جمعہ 20 مئی 2022 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے مدینہ منورہ واقعہ پر ہراسگی روکنے اور حفاظتی ضمانت کیلئے دائر درخواست میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کوگرفتاری سے روک دیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز حلیم عادل شیخ کی درخواست پر سماعت کے دوران موقف اختیار کیاگیا کہ توہین مسجد نبوی کی ایف آئی آر میں نامزد نہیں مگر نامعلوم افراد شامل کرکے گرفتار کیاجاسکتاہے،استدعا ہے کہ غیر قانونی ہراسگی روکی جائے اور ملک بھر میں درج تمام ایف آئی آرز کا ریکارڈ طلب کیا جائے،پٹیشنر کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ متعلقہ کورٹ کے سامنے پیش ہو سکے، عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔