بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی سیوریج کے پانی سے فصلوں اور سبزیوں کی کاشت کے تدارک کیلئے مہم جاری ، مزید 40 ایکڑ سے زائد اراضی پر نکاسی آب کے آلودہ پانی سے کاشت کردہ مضرصحت سبزیاں تلف

جمعہ 20 مئی 2022 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی سیوریج کے پانی سے فصلوں اور سبزیوں کی کاشت کے تدارک کیلئے جاری مہم کے دوران دیبہ، جیل روڈ و ملحقہ علاقوں اور نیو سبزل روڈ میں مزید 40 ایکڑ سے زائد اراضی پر نکاسی آب کے آلودہ پانی سے کاشت کردہ مضرصحت سبزیاں ٹریکٹر چلا کر تلف کردی گئیں ۔ مذکورہ اراضیات کو ملحقہ نالوں کے پانی سے سیراب کرکے مضر صحت سبزیاں کاشت کی گئی تھیں، تلف کردہ سبزیوں میں دھنیا، پالک، پیاز اور سلاد کی فصلیں شامل تھیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے سیوریج کے پانی سے کاشت کردہ خوردنی فصلوں کے خلاف کارروائیاں گزشتہ 7 روز سے مسلسل جاری ہیں۔ بی ایف اے کی جاری مہم کے دوران اب تک نیو و پرانا سبزل روڈ، لہڑی گیٹ، قمبرانی روڈ، جان محمد روڈ، سرکی روڈ، کشمیر آباد کالونی، کرانی روڈ، دیبہ اور جیل روڈ و ملحقہ علاقوں میں تقریباً 500 ایکڑ پر زیر کاشت و تیار فصلیں تلف کی جا چکی ہیں۔

(جاری ہے)

کھیتوں کو نالوں سے زہریلے پانی کی منتقلی کے ذرائع بھی منقطع کر دئیے گئے۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ کوئٹہ شہر اور اس سے ملحقہ تمام علاقوں میں کاشت کی جانے والی سبزیوں کو چیک کر رہے ہیں،چونکہ یہ مسئلہ صحت عامہ کا ہے جس کے پیشِ نظر نالوں کے پانی سے سبزیاں کاشت کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائیگی،کاشتکاروں کو بارہا براہ راست اور بذریعہ اخبارات و آگاہی بینرز تنبیہ کی جا چکی ہے جن کے مطابق سیوریج کے پانی سے صرف آئوٹ ڈور پلانٹس، پٹسن اور دیگر آرائشی پلانٹس اگائے جاسکتے ہیں۔