مالیاتی خسارے کو ختم کرنے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،شازیہ مری

ہفتہ 21 مئی 2022 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2022ء) وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ مالیاتی خسارے کو ختم کرنے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات جیم اینڈ جیولری نمائش کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی ۔ وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری کو راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ جیمز اینڈ جیولری کی نمائش کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔

وفاقی وزیر نے تقریب میں لگائے گئے ہر سٹال کا دورہ کیا اور اس حقیقت کو سراہا کہ وہاں ملک بھر سے شرکاء اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنیات سے مالا مال ہے ا نہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خام مال کا بہترین استعمال کرکے زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

شازیہ مری نے خوشی کا اظہار کیا کہ نمائش میں بین الاقوامی نمائندگی تھی اور جنوبی افریقہ، قطر اور افغانستان سے شرکاء آئے تھے۔

شازیہ مری نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری کے تمام تحفظات کو فوری طور پر دور کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے چیمبر آف کامرس کو یقین دلایا کہ تاجر برادری کو درپیش تمام مسائل متعلقہ وزارت کو بھجوائے جائیں گے اور وہ ذاتی طور پر تاجر برادری کے تحفظات وزیراعظم تک پہنچائیں گی۔ انہوں نے نمائش میں مدعو کرنے پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا شکریہ ادا کیا۔