ویسٹ انڈیز سیریز، سیاسی بدامنی کے درمیان پی سی بی کو حکومتی احکامات کا انتظار

پاکستان میں کسی بھی سیریز کا انعقاد مقامی انتظامیہ کے تعاون کے بغیر ناممکن ، میچز وہاں ہوںگے جہاں کیلئے گرین سگنل ملے گا، فیصلوں کے لیے وقت کم ہے: ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 25 مئی 2022 11:59

ویسٹ انڈیز سیریز، سیاسی بدامنی کے درمیان پی سی بی کو حکومتی احکامات ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 مئی 2022ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کیا ہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم ون ڈے سیریز ملتوی ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کے مطابق سیریز ملتوی کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ سیریز کا آغاز 8 جون سے راولپنڈی میں ہونا ہے جبکہ تین میچوں کی سیریز کے لیے ملتان کو بیک اپ وینیو کے طور پر اعلان کیا گیا ہے۔

سمیع الحسن برنی نے تصدیق کی کہ وہ ان میچوں کے انعقاد کے حوالے سے باضابطہ تصدیق کا انتظار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی بھی سیریز کا انعقاد مقامی انتظامیہ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میچز اس مقام پر ہوں گے جہاں سے گرین سگنل ملے گا، فیصلوں کے لیے وقت کم ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ کھلاڑی یکم جون کو راولپنڈی میں تربیتی کیمپ کیلئے جمع ہوں گے جب کہ ویسٹ انڈیز 5 جون کو پہنچیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جاننا ضروری ہے کہ کرکٹ مداحوں کو بکنگ سے پہلے کہاں پہنچنا ہے جب کہ براڈ کاسٹرز اور ان کا سامان بھی وقت پر پہنچنا چاہیے۔ یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ انہیں راولپنڈی یا ملتان پہنچایا جائے گا۔ سمیع برنی نے کہا کہ ہمیں ہوٹل سمیت لاجسٹکس کی ضروریات کا بھی انتظام کرنا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ حکومت اس ہفتے کے آخر تک ہماری رہنمائی کرے گی، اور سیریز اپنے شیڈول کے مطابق چلے گی۔ واضح رہے کہ تین ون ڈے میچوں کی سیریز 8 سے 12 جون تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔ یہ میچز آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔