پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے 2021 میں قومی خزانہ کو مختلف ٹیکسز کی مد میں مجموعی طورپر 133ارب روپے کی ادائیگیاں کیں

جمعہ 27 مئی 2022 10:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2022ء) پاکستان ٹوبیکو کمپنی (پی ٹی سی) نے سال 2021 کے دوران قومی خزانہ کو مختلف ٹیکسز کی مد میں مجموعی طورپر 133ارب روپے کی ادائیگیاں کی ہیں ۔ آکسفورڈ اکنامکس برطانیہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ کیلنڈر سال 2021 میں پی ٹی سی اور اس کی ویلیو چین نے مختلف ٹیکسز کی مد میں قومی خزانہ کو مجموعی طور پر 133 ارب روپے ادا کئے ہیں۔

پی ٹی سی کی جانب سے دوران سال ایکسائز ، سیلز ،کارپوریشن اور کسٹمز ڈیوٹی و ٹیکسز وغیرہ کی صورت میں 127 ارب روپے جبکہ پی ٹی سی کے ویلیو چین ملازمین کی جانب سے لیبر ٹیکس کی مد میں 0.5 ارب روپے بھی ادا کئے گئے ہیں۔ اسی طرح کمپنی کی جانب سے سپلائی چین سے 2.3 ارب روپے اور ویج کنزمپشن کے تحت 3.6 ارب روپے یعنی 6 ارب روپے کے مزید ٹیکسز کی بھی ادائیگیاں کی گئ ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق کیلنڈر سال 2021 میں پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں سگریٹ کی صنعت اور اس کی ویلوی چین کا حصہ کل 123 ارب روپے رہا ہے جس میں پی ٹی سی کی ویلیو چین کا براہ راست حصہ 58.3 ارب روپے جبکہ براہ راست حصہ 25.3 ارب روپے اور کاروباری سرگرمیوں میں شراکتداری 39.1 ارب روپے بھی شامل ہے۔ مزید برآں پی ٹی سی اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت سماجی او ر ماحولیات کے شعبوں کی بہتری اور ترقی کے لئے 2021 میں 600 ملین روپے کے اخراجات بھی کئے ہیں۔\395