انتہا پسندوں نے بھارت کے پہلے وزیراعظم نہرو کا مجسمہ توڑ دیا

ہفتہ 28 مئی 2022 23:46

بھوپال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2022ء) بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں ہندو انتہا پسندوں نے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے مجسمے کو ہتھوڑے اور لاٹھیاں مار کر توڑ دیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے سنتا میں ایک مصروف مقام پر بھارت کے اولین رہنما ئو ں میں سے ایک اور ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے مجسمے پر ایک درجن کے قریب ہندو انتہا پسندوں نے دھاوا بول دیا۔

انتہا پسندوں نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مجسمے پر ہتھوڑے برسائے، پتھر مارے اور لاٹھیوں سے نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس سے مجسمے کو شدید نقصان پہنچا تاہم وہ گرنے سے بچ گیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد پولیس متحرک ہوئی اور 6 افراد کو حراست میں لے لیا تاہم گرفتار ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ ان کی سیاسی وابستگی سے متعلق بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔