ملک میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا

ملک کے کسی حصے سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، عید الاضحٰی 10 جولائی بروز اتوار کو ہو گی: اعلامیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی

muhammad ali محمد علی بدھ 29 جون 2022 20:43

ملک میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جون2022ء) ملک میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے بلایا گیا مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیرآزاد نے کی، اجلاس میں وزرات سائنس اینڈٹیکنالوجی، محکمہ موسمیات کے نمائندے اور علماء کرام بھی شریک تھے۔

اجلاس میں ملک بھر کی زونل رویت ہلال کمیٹیوں سے بھی رابطہ رکھا گیا۔ اعلامیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ملک کے کسی حصے سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہذا ملک میں یکم ذوالحجہ جمعہ یکم جولائی کو جبکہ عید الاضحٰی 10 جولائی بروز اتوار کو ہو گی۔ اس سے قبل ڈائریکٹر مذہبی امور پنجاب نے بھی کہا کہ لاہور میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ ذی الحجہ کا چاند آج صبح 7 بج کر 52 منٹ پر پیدا ہوا، غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر11 گھنٹے اور 49 منٹ ہے، پنجاب میں غروب آفتاب کا وقت 7 بج کر 13 منٹ ہے، چاند 7 بج کر 45 منٹ یعنی 32 منٹ تک دیکھا جا سکتا تھا۔ اسی طرح محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند کی عمر 26 گھنٹے تک ہو جائے تو وہ نظر آسکتا ہے۔ جبکہ دوسری جانب حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاونٹ سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظر آ گیا ہے۔



بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں وقوف عرفہ 8 جولائی بروز جمعہ جبکہ عید الاضحٰی 9 جولائی بروز ہفتہ کو ہو گی۔ اس سے قبل ملائیشیا رواں سال سب سے پہلے عید الاضحٰی کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کرنے والا ملک بن گیا، ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی دارالاسلام، جاپان اور ہانگ کانگ میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ذوالحجہ یکم جولائی جبکہ عید قربان 10 جولائی کو ہو گی۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں عید الاضحٰی کی آمد کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ماہرین فلکیات پہلے ہی عید الضحٰی کی ممکنہ تاریخ کے حوالے سے پیشن گوئی کر چکے۔ متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر فلکیات ابراہیم الجروان کی جانب سے عید الاضحیٰ کی تاریخ کے حوالے سے پیشن گوئی کرتے ہوئے بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات میں یومِ عرفہ 8 جولائی جبکہ عید الاضحیٰ 9 جولائی بروز ہفتہ کو ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ ابراہیم الجروان نے حالیہ کچھ برسوں کے دوران عید اور رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے حوالے سے اپنی درست پیشن گوئیوں سے خاصی شہرت حاصل کی ہے۔ ابراہیم الجروان نے گزشتہ سال ہی رواں سال کے رمضان المبارک اور عید الفطر کی تاریخوں کی پیشن گوئیکی تھی۔ یہاں واضح رہے کہ خلیجی ممالک خاص کر متحدہ عرب امارات میں ہجری مہینوں کے چاند کی رویت کے حوالے سے اب ٹیکنالوجی کی ہر ممکن مدد لی جاتی ہے۔ ٹیکنالوجی کی مدد سے ہی متحدہ عرب امارات میں عیدین، حج اور رمضان المبارک کی تاریخیں پہلے سے ہی بتا دی جاتی ہیں۔