متحدہ عرب امارات میں بھی ذوالحجہ کا چاند نظر آ گیا

3 خلیجی ممالک امارات، سعودی عرب اور عمان میں عید الاضحٰی 9 جولائی کو ہونے کا اعلان

muhammad ali محمد علی بدھ 29 جون 2022 21:38

متحدہ عرب امارات میں بھی ذوالحجہ کا چاند نظر آ گیا
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جون2022ء) متحدہ عرب امارات میں بھی ذوالحجہ کا چاند نظر آ گیا۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات اور عمان میں بھی ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ذوالحجہ کا چاند نظر آ جانے کے بعد 3 خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور عمان میں عید الاضحٰی 9 جولائی کو ہو گی۔

سعودی عرب دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں رواں سال کے ماہ ذوالحجہ کا چاند سب سے پہلے نظر آیا۔ حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاونٹ سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب میں ذوالحجہ کا چاند نظر آ گیا۔

بتایا گیا کہ سعودی عرب میں وقوف عرفہ 8 جولائی بروز جمعہ جبکہ عید الاضحٰی 9 جولائی بروز ہفتہ کو ہو گی۔

(جاری ہے)

مملکت میں ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کا سرکاری اعلان سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے کیا جائے گا۔

دوسری جانب ملائیشیا رواں سال سب سے پہلے عید الاضحٰی کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کرنے والا ملک بن گیا، ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی دارالاسلام، جاپان اور ہانگ کانگ میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ذوالحجہ یکم جولائی جبکہ عید قربان 10 جولائی کو ہو گی۔ جبکہ پاکستان میں بھی ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا، یہاں بھی عید الاضحٰی 10 جولائی بروز اتوار کو ہو گی۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں عید الاضحٰی کی آمد کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ماہرین فلکیات پہلے ہی عید الضحٰی کی ممکنہ تاریخ کے حوالے سے پیشن گوئی کر چکے۔ متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر فلکیات ابراہیم الجروان کی جانب سے عید الاضحیٰ کی تاریخ کے حوالے سے پیشن گوئی کرتے ہوئے بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات میں یومِ عرفہ 8 جولائی جبکہ عید الاضحیٰ 9 جولائی بروز ہفتہ کو ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ ابراہیم الجروان نے حالیہ کچھ برسوں کے دوران عید اور رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے حوالے سے اپنی درست پیشن گوئیوں سے خاصی شہرت حاصل کی ہے۔ ابراہیم الجروان نے گزشتہ سال ہی رواں سال کے رمضان المبارک اور عید الفطر کی تاریخوں کی پیشن گوئیکی تھی۔ یہاں واضح رہے کہ خلیجی ممالک خاص کر متحدہ عرب امارات میں ہجری مہینوں کے چاند کی رویت کے حوالے سے اب ٹیکنالوجی کی ہر ممکن مدد لی جاتی ہے۔ ٹیکنالوجی کی مدد سے ہی متحدہ عرب امارات میں عیدین، حج اور رمضان المبارک کی تاریخیں پہلے سے ہی بتا دی جاتی ہیں۔