نیشنل انڈر19 ون ڈے کپ میں خیبرپختونخوا، سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب نے اپنے اپنے میچ جیت لئے

جمعہ 1 جولائی 2022 16:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2022ء) نیشنل انڈر19 ون ڈے کپ میں خیبرپختونخوا، سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب نے اپنے اپنے میچ جیت لئے، پی سی بی کے زیراہتمام قومی انڈر 19 ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، ایوب پارک کرکٹ گرائونڈ، راولپنڈی میں کھیلے گئے پول اے کے پہلے میچ میں خیبرپختونخوا بلیوز نے سندھ بلیوز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے ہرا دیا، سندھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنائے، سعد بیگ نے 103 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، کے پی کے کی طرف سے محمد زبیر نے تباہ کن بائولنگ کی اور 6 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، جواب میں خیبرپختونخوا نے مطلوبہ ہدف 44.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ابوبکر خان نے 80 اور حسیب خان نے 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

ہائوس آف ناردرن میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب بلیوز نے ناردرن بلیوز کو 177 رنز سے شکست دے دی، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے، عبید شاہد 87 اور اذان اویس 74 رنز بنا کر نمایاں رہے، ناردرن کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 38.1 اوورز میں 121 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی، علی عباس 38 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، ارحم نواب اور علی اسفند نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

نیشنل گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب بلیوز نے بلوچستان بلیوز کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا، بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے، سجاد علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 106 رنز بنائے، جواب میں سدرن پنجاب نے مطلوبہ ہدف محمد دانش کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 45 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد دانش نے 114 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔