جدید دور میں ابلاغ عامہ اور سوشل میڈیا کے عوامی رائے کو استوار کرنے کے کردار کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا، اسلامی جمہوریہ ایران کے کوئٹہ میںمتعین کونصل جنرل حسن درویش وندو دیگر کا خطاب

ہفتہ 2 جولائی 2022 22:41

․کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2022ء) اسلامی جمہوریہ ایران کے کوئٹہ میںمتعین کونصل جنرل حسن درویش وند اور سینئر صحافیوں نے کہا ہے کہ جدید دور میں ابلاغ عامہ اور سوشل میڈیا کے عوامی رائے کو استوار کرنے کے کردار کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا، پاکستان اور ایران کے درمیان مذہبی، ثقافتی، لسانی،علاقائی مماثلتیں پائی جا تی ہیں میڈیا کے مثبت استعمال سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جاسکتا ہے ، یہ بات انہوں ہفتہ کو خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ میں ذرائع اطلاغ اور سوشل میڈیا کی اہمیت پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی، سیمینار سے خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ کے ڈائریکٹر حسین تقی زادہ ، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر عرفان سعید، کوئٹہ پر یس کلب کے صدر عبدالخالق رند، سینئر صحافیوں رضاالرحمن، جلال نورزئی، قاری عبدالرحمن، سابق ڈی جی پی آر نور خان محمد حسنی، عبدالقیوم بیدار، ،جامعہ بلوچستان کی پروفیسر حسن آراء، بشریٰ قمر، نقیب اللہ خالد نے بھی خطاب کیا، کونصل جنرل ایران حسن درویش وند نے کہا کہ جدید دور میں میڈیا اور اطلاعات کا استعمال مثبت اور منفی انداز میں کیا جارہا ہے میڈیا کے بغیر کوئی بھی سیاسی یا انتظامی نظام چل نہیں سکتا ایران کا نمائندہ ہونے کے ناطے پاک ایران تعلقات بڑھانے اور مستحکم کرنے کے لئے کوشاں ہوں اور اس میں میڈیا کا کردار بھی اہم ہے میڈیا قومی مفادات پر توجہ مرکوز کرے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافی، مذہبی، لسانی، علاقائی، تہذیبی مماثلت ہے دونوں ممالک میں 900کلو میٹر زمینی جبکہ کئی سو کلو میٹر سمندر ی سرحد بھی مشترک ہے انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کی توانائی جبکہ پاکستان ایران کی چاول سمیت دیگر ضروریات پورے کرنے میں معاونت کرتے ہیں دونوں ممالک کا میڈیا اگر مثبت کردار ادا کرے تو یہ تعلقات مزید فروغ پاسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ میڈیا ذمہ داری کا قائل ہے میڈیا کو چاہیے کہ وہ حقیقت اور تصدیق شدھ معلومات کا تبادلہ اور جہاں نقائص ہوں انکی نشاندہی کرے انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ایران کے میڈیا ادارے سفارتی ، سیاسی تعلقات کو فروغ دینے میں اپنا فعال کردار ادا کریں گے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ کے ڈائریکٹر حسین تقی زادہ ، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر عرفان سعید، کوئٹہ پر یس کلب کے صدر عبدالخالق رند، سینئر صحافیوں رضاالرحمن، جلال نورزئی، قاری عبدالرحمن، سابق ڈی جی پی آر نور خان محمد حسنی، عبدالقیوم بیدار، ،جامعہ بلوچستان کی پروفیسر حسن آراء، بشریٰ قمر، نقیب اللہ خالد نے کہا کہ جدید دور میں میڈیا بھی ارتقائی عمل سے گزرا ہے سوشل میڈیا کے آنے سے معلومات کا تبادلہ برق رفتار ہوا ہے البتہ میڈیا کو خبر تصدیق کئے بغیر جاری نہیں کرنی چاہیے انہوں نے کہا کہ میڈیا کا گلوبل ویلج اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں اہم کردار ہے اس کردار کو کسی بھی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا پاک ایران تعلقات کے فروغ میں بھی میڈیا بہتر کردار ادا کرسکتا ہے انہوں نے کہا کہ میڈیا پر اخلاقات کا عنصر لاگو ہوتا ہے کسی بھی غیر مصدقہ یا غیر اخلاقی معلومات کی ترسیل رائے عامہ پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے لہذا معاشرے کی اجتماعی بہتری کے لئے میڈیا عوام کے وسیع تر مفاد کو ترجیح فراہم کرے اور حقیقی مسائل کو اجاگر کرے ۔