نئے پوپ رابرٹ پریوسٹ کو عالمی رہنماؤں کی مبارک باد

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 9 مئی 2025 12:40

نئے پوپ رابرٹ پریوسٹ کو عالمی رہنماؤں کی مبارک باد

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 09 مئی 2025ء) دنیا بھر کے ممالک اور مذاہب کے ماننے والوں نے نئے پوپ لیو چہار دہم کو نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ رابرٹ پریوسٹ شمالی امریکہ کے ایسے پہلے پوپ ہیں، جو کیتھولک چرچ کے دو ہزار سال کی تاریخ میں پہلی بار رہنما منتخب ہوئے ہیں۔

ویٹیکن نے جمعرات کی شام کو کارڈینل رابرٹ پریوسٹ کو کیتھولک چرچ کے سربراہ کے طور پر منتخب ہونے کا اعلان کیا تھا اور اس کے اگلے روز یعنی آج جمعہ کو پوپ لیو چہار دہم چیپل میں کارڈینلز کے لیے ایک اجتماع کا انعقاد کرنے والے ہیں۔

یہ مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے ہو گا۔

ویٹیکن پریس آفس کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ پیر کی صبح نئے پوپ دنیا کی میڈیا کے ساتھ بات کریں گے۔

نئے پوپ کے انتخاب کے لیے کارڈینلز کی ووٹنگ کا آغاز

عالمی رہنماؤں کے پیغامات

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس، جنہوں نے سن 2019 میں کیتھولک مذہب اختیار کیا تھا، نے نئے پوپ کو مبارکباد پیش کی ہے۔

(جاری ہے)

ٹرمپ نے کہا کہ شمالی امریکہ کے پہلے پوپ کو دیکھنا ایک "عظیم اعزاز" ہے۔

امریکہ میں کیتھولک مسیحیوں نے جوش و خروش اور خوشی کے ساتھ ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

فلپائن، جس میں دنیا کی تیسری سب سے بڑی کیتھولک آبادی ہے، سے جنوبی کوریا اور انڈونیشیا تک ایشیا بھر میں کیتھولک انتخابات کا جشن منا رہے ہیں۔

آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البینیز نے نئے پوپ کو اپنے ملک کے دورے کی دعوت دی ہے، جو 2028 میں ایک بڑی کیتھولک کانفرنس کی میزبانی کرنے والا ہے۔

پوپ فرانسس کی تدفین، لاکھوں سوگوار ویٹی کن کی سڑکوں پر

پولینڈ کے صدر آندریج ڈوڈا نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کیتھولک پولینڈ اور چرچ کے درمیان "مشترکہ اقدار، مشترکہ خیر کی ذمہ داری اور دنیا میں امن کی مضبوطی کے نام پر" روحانی اتحاد کے ایک خاص بندھن کو سراہا ہے۔

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے پوپ لیو کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دی اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ "یوکرین کی انصاف کی بحالی اور دیرپا امن کے حصول کی کوششوں میں ویٹیکن کی اخلاقی اور روحانی حمایت جاری رہے گی۔

"

یوروپی کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈیر لائن نے نو منتخب پوپ لیو چہار دہم کو اپنی مخلصانہ مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ان کے لیے، "حکمت اور طاقت" کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہ کیتھولک کمیونٹی کی رہنمائی کرتے ہیں اور "امن اور مکالمے کے اپنے عزم کے ذریعے دنیا کو متاثر کرتے ہیں۔"

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے بھی اپنے مبارک بادی پیغام میں امید ظاہر کی کہ پوپ لیو کی کوششیں "امن اور امید کی علمبردار" ہوں گی۔

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے نو منتخب پوپ کی "کامیابی" کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ امریکی پوپ کریملن کے ساتھ "تعمیری بات چیت" میں مشغول ہوں گے۔

کیا کلیسائے روم اب ایک افریقی پوپ کے انتخاب کے لیے تیار ہے؟

نئے جرمن چانسلر فریڈرش میرس نے کیتھولک چرچ کی سربراہی کے لیے منتخب ہونے پر "مقدس پوپ لیو چہار دہم" کو مبارکباد دی۔

میرس خود ایک کیتھولک مسیحی ہیں، جنہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جرمنی کے لوگ "اعتماد اور مثبت توقعات کے ساتھ" نئے پوپ کی طرف دیکھتے ہیں۔

چانسلر نے کہا، "اپنے دفتر کے ذریعے، آپ دنیا بھر کے لاکھوں عقیدت مندوں کو عظیم چیلنجز کے دوران امید اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ بہت سے لوگوں کے لیے، آپ انصاف اور مفاہمت کے لیے ایک اینکر ہیں۔

"

پوپ لیو کون ہیں؟

نئے پوپ لیو چہار دہم کا پیدائشی نام رابرٹ فرانسس پریوسٹ ہے، جو 14 ستمبر 1955 کو شکاگو میں پیدا ہوئے تھے۔

سن 1977 میں وہ سینٹ آگسٹین کے آرڈر میں داخل ہوئے۔ پریوسٹ نے شکاگو کی کیتھولک تھیولوجیکل یونین میں تعلیم حاصل کی اور الہیات میں ڈپلومہ حاصل کیا۔

27 سال کی عمر میں انہیں پونٹیفیکل سینٹ تھامس ایکیناس یونیورسٹی (اینجلیکم) میں مسیحی مذہبی قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے روم بھیجا گیا۔

تعلیم کے بعد انہیں مشنری کے طور پر پیرو بھیجا گیا اور بعد میں وہ امریکہ اور پیرو میں مختلف عہدوں پر کام کرتے رہے۔ پریووسٹ نے اس سے قبل پیرو میں چیکلیو کے ڈائوسیس کی سربراہی کی تھی اور پیرو کے بشپس کانفرنس کے دوسرے نائب صدر تھے۔

پوپ فرانسس کی آخری رسومات ہفتے کے روز ادا کی جائیں گی

پوپ فرانسس نے انہیں جنوبی امریکی ملک میں متعارف کروایا۔

انہوں نے 2023 میں انہیں بشپس کے لیے ڈیکاسٹری کا سربراہ مقرر کیا اور پھر انہیں کارڈینل بنا دیا۔

اگرچہ پریووسٹ نے عوامی سطح پر پہلے بہت کم بات کی، تاہم وہ اپنے پرسکون انداز میں پوپ فرانسس کی حمایت کرتے رہے تھے۔ خاص طور پر سماجی انصاف کے معاملات میں اپنے نقطہ نظر کے لیے انہوں نے کچھ توجہ بھی حاصل کی۔

ادارت: جاوید اختر