عالمی برادری افغانستان کو تسلیم کرے، سراج الدین حقانی

DW ڈی ڈبلیو پیر 18 جولائی 2022 20:20

عالمی برادری افغانستان کو تسلیم کرے، سراج الدین حقانی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 18 جولائی 2022ء) طالبان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کا کہنا ہے، ''یہ عالمی برادری کے لیے بہت اچھا ہو گا کہ افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے جائیں ۔ ہمیں ان کی ضرورت ہے اور انہیں ہماری ضرورت ہے۔‘‘ سراج الدین حقانی خوست صوبے میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

''کل اگر عالمی برادری کو کسی معاملے پر میری ضرورت ہوگی تو وہ کس بنیاد پر مجھ سے گفتگو کریں گے۔

‘‘ حقانی نے امریکہ سے بھی کہا کہ وہ افغانستان کے اربوں ڈالر کے اثاثوں کو افغانستان کو واپس کریں۔

سراج الدین حقانی نے کہا کہ بدلے میں وہ امریکہ کے ساتھ اس ڈیل کو یقینی بنائیں گے جس کے تحت یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ آئندہ افغانستان کی سرزمین امریکہ یا کسی اور ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

حقانی جنہیں افغانستان میں خلیفہ کے نام سے جانا جاتا ہے طاقت اور اثر و رسوخ رکھنے والے افغان رہنما ہیں۔

یہ حقانی نیٹ ورک کے سربراہ ہیں جو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف کئی حملے کر چکے ہیں۔

عالمی برادری نے طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کا احترام کریں اور لڑکیوں کو اسکول جانے کی اجازت دیں۔

ابھی تک طالبان ان مطالبات کو کھل کر تسلیم نہیں کر رہے۔ عالمی برادری کا کہنا ہے کہ طالبان ایک کثیر الاقوامی نمائندہ حکومت قائم کریں۔ ایسا کرنے کی صورت میں ان کو تسلیم کیے جانے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

ب ج/ ع ت (ڈی پی اے)