خیبر پختونخوا کے نوضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والی ۲۰۰ طالبات نےامریکی اعانت سے جاری انگلش ورکس پروگرام مکمل کر لیا

جمعہ 22 جولائی 2022 18:40

خیبر پختونخوا کے نوضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والی ۲۰۰ طالبات نےامریکی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جولائی2022ء) امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نےآج خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی دو سو طالبات کو امریکی سفارتخانہ کے تعاون سے جاری انگلش ورکس پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل  کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

شہید بینظیر بھٹو وومن یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد کیے جانے والے  اس چھ ماہ دورانیہ کے انگلش ورکس پروگرام کو محدود مالی وسائل کی حامل  ان دو سو طالبات نے کامیابی سے مکمل کیا اور اپنی انگریزی زبان کی صلاحیتوں ، کمپیوٹر خواندگی سے متعلق مہارتوں اور ملازمت کے حصول کے لیے اپنی معلومات میں اضافہ کیا۔

تقریب کے دوران سفیر بلَوم نے  ایک نئے انگلش ایکسس مائیکرواسکالرشپ پروگرام کا بھی آغاز کیا جو خیبر پختونخوا کے معاشی طور پر پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے پانچ سو پینسٹھ طالبعلموں کو اسکول کے بعد دو سال کے لیے انگریزی زبان کی تربیت فراہم کریگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سفیر بلَوم نے کامیاب طالبات کو اُن کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اندازہ  ہے کہ ایک غیر ملکی زبان سیکھنا کس قدر دشوار ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان طالبات کے اہلِ خانہ کو یقینی طور پر اُن کی اس کامیابی پر فخر ہو گا۔ سفیر بلَوم نے  اس امید کا اظہار کیا کہ اس پروگرام کے ذریعہ حاصل ہونے والے علم اور مہارتوں سے وہ اپنی زندگیوں میں مزید بلندیوں کو چُھو سکیں گی۔

اس موقع پر فاٹا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد جہانزیب خان اور شہید بینظیر  بھٹو وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد بھی کامیاب  اور نئے اندراج ہونے والے طالبعلوں کے ساتھ موجود تھے۔

ایک کروڑ انہتر لاکھ ڈالر مالیت کے یہ  دو پروگرام امریکی سفارتخانہ کے تعاون سے پاکستان میں جاری ہیں۔  ایکسس پروگرام دو سال پر محیط کم از کم تین سو ساٹھ گھنٹوں پر مشتمل ورچوئل اور بالمشافہ تدریسی عمل پرمبنی ہے جبکہ انگلش ورکس پروگرام چھ ماہ کے دوران دو سو چالیس تدریسی گھنٹوں پر مشتمل پروگرام ہے۔ ۲۰۰۵ء سے لے کر اب تک تقریباً چوبیس ہزار پاکستانی طالبعلم ان پروگراموں میں شرکت کر چکے ہیں جو کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کے اس پچھترویں سال میں وسیع تعاون کا مظہر ہے۔