مون سون کے باعث کراچی کو مسلسل بادلوں نے اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے

مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گئے، محکمہ موسمیات نے شہرقائد میں مزید بارشوں کی پیش گوئی ، موسمِ گرما کی 2 ماہ کی تعطیلات کے بعد کھلنے والے تعلیمی اداروں میں بھی بارش کے باعث حاضری کم رہی

پیر 1 اگست 2022 22:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اگست2022ء) مون سون کے باعث کراچی کو مسلسل بادلوں نے اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے، پیرکی صبح سویرے کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گئے جبکہ محکمہ موسمیات نے شہرقائد میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ،کراچی میں موسمِ گرما کی 2 ماہ کی تعطیلات کے بعد کھلنے والے تعلیمی اداروں میں بھی بارش کے باعث حاضری کم رہی۔

طلبہ اور اساتذہ کو بارش کی وجہ سے اسکول، کالج اور یونیورسٹی آنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرِ قائد میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں چلنے والی ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے سندھ میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی میں 6 سے 8 اگست تک ہلکی اور معتدل بارش کا امکان ہے، آنے والا بارش کا اسپیل مون سون کا چوتھا اور اگست کا پہلا اسپیل ہوگا۔سردار سرفرازنے کہاکہ مون سون کا چوتھا اسپیل تیسرے اسپیل کی طرح ہیوی نہیں، چوتھے اسپیل میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی، ٹھٹھہ، حیدر آباد، بدین، عمر کوٹ، تھر پارکر اور ٹنڈو الہ یار میں ہلکی بارش کا امکان ہے، مجموعی طور پر 5 سے 8 اگست تک سندھ بھر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔