ایمریٹس نے مفت راؤنڈ ٹرپ ٹکٹ کی آفر کے حوالے سے وضاحت جاری کردی

چھٹیوں کے تحفے اور مفت راؤنڈ ٹرپ ٹکٹ کی پیشکش کرنے والی سوشل میڈیا پوسٹ درست نہیں‘ یہ کوئی سرکاری مقابلہ نہیں ہے، اس لیے ہم احتیاط کا مشورہ دیتے ہیں۔ اماراتی فضائی کمپنی کے ترجمان کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 5 اگست 2022 12:25

ایمریٹس نے مفت راؤنڈ ٹرپ ٹکٹ کی آفر کے حوالے سے وضاحت جاری کردی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اگست 2022ء ) متحدہ عرب امارات کی معروف فضائی کمپنی ایمریٹس نے مفت راؤنڈ ٹرپ ٹکٹ کی آفر کے حوالے سے وضاحت جاری کردی۔ خلیجی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہو رہی ہے جس میں لوگوں سے 4 سوالات کے جواب دینے اور چھٹیوں کے تحفے کے طور پر یورپ ، ایشیا یا گھریلو پروازوں کے 2 راؤنڈ ٹرپ ٹکٹ جیتنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

اس حوالے سے ایمریٹس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایمریٹس کی طرف سے پیش کردہ تحفوں کے حوالے سے آن لائن مقابلوں کی ایک پوسٹ زیرگردش ہے، سوشل میڈیا پوسٹ جس میں چھٹیوں کے تحفے پیش کیے گئے ہیں اور مفت راؤنڈ ٹرپ ٹکٹ کی پیشکش کرنے والی یہ سوشل میڈیا پوسٹ درست نہیں ہے کیوں کہ یہ کوئی سرکاری مقابلہ نہیں ہے، اس لیے ہم احتیاط کا مشورہ دیتے ہیں۔

(جاری ہے)


انہوں نے کہا کہ لوگ ایمریٹس کے آفیشل سوشل میڈیا چینلز کو ایئرلائن سے متعلق معلومات کا ذریعہ بنائیں، ہمارے آفیشل چینلز پر ایمریٹس کا تمام مجاز مواد جاری کیا جاتا ہے اور ہمارے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بلیو ٹک کا نشان لگا ہوا ہے۔ خیال رہے کہ رواں برس جون میں بھی اسی طرح کی ایک جعلی سوشل میڈیا پوسٹ وائرل ہوئی تھی جس میں 10,000 درہم انعام کی پیشکش کی گئی تھی، اس پوسٹ نے لوگوں سے مقابلے میں حصہ لینے کے عوض 10 درہم جیتنے کا لالچ دیا گیا تھا، تاہم متحدہ عرب امارات میں سرکاری اور نجی دونوں ادارے امارات کے رہائشیوں کے لیے بار بار ہدایات جاری کرتے ہیں، جن میں ان سے سائبر فراڈ سے اپنے آپ کو بچانے کے لیے صرف سرکاری اور قابل اعتماد ذرائع سے معلومات حاصل کرنے کے لیے کہا جاتا ہے، علاوہ ازیں حکام اور بینک رہائشیوں کو یہ مشورہ بھی دیتے ہیں کہ وہ سائبر اسکیموں کے ذریعے دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے آن لائن رقوم کی منتقلی کے دوران محتاط رہیں۔