سیشن عدالت نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شفقت محمود کو بے گناہ قرار دے دیا

ہفتہ 6 اگست 2022 12:43

سیشن عدالت نے  پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شفقت محمود کو بے گناہ قرار دے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2022ء) لاہور کی سیشن عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے درج مقدمات میں پولیس تفتیشی رپورٹ کی روشنی میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کو بے گناہ قرار دے دیا۔ شفقت محمود نے گرفتاری سے بچنے کیلئے سیشن کورٹ سے عبوری ضمانت لے رکھی تھی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز سماعت پر پولیس نے شفقت محمود کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ شفقت محمود کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے جس پر شفقت محمود کے وکلا نے عبوری ضمانت کے لیے دائر درخواست واپس لے لی جو عدالت نے نمٹا دی۔تھانہ اسلام پورہ اور فیکٹری ایریا پولیس نے یہ مقدمات درج کئے تھے۔عدالت نے متعلقہ پولیس سٹیشنز سے مقدمات کا مکمل ریکارڈ طلب کیا تھا۔واضح رہے کہ پولیس نے 25مئی کو لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی سمیت سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے متعدد مقدمات درج کر رکھے ہیں۔