کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اور صوبائی مشیر داخلہ کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ

منگل 9 اگست 2022 16:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2022ء) کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اور صوبائی مشیر داخلہ کا سنٹرل پولیس آفس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ،دسویں محرم الحرام کے لئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ ،ائی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے،پولیس کے اعلیٰ حکام نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات اور تیاریوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی،بریفنگ میں بتا یا گیا صوبے بھر میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے لئے پولیس کے 20 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں،ضرورت پڑنے پر پاک فوج  اور ایف سی کی خدمات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں،صوبے کے حساس اضلاع میں سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی کئی ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے محرم الحرام کے جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ کی جارہی ہے، جلوسوں کے روایتی راستوں اور مجالس کے مقامات کے آس پاس علاقوں میں واقع ہوٹلز وغیرہ پر کڑی نظر رکھی گئی ہے،صوبائی سطح پر مرکزی کنٹرول روم کے علاوہ ڈویژنل اور اضلاع کی سطح پر بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں،دسویں محرم پر کوئٹہ میں 15 جلوس اور آٹھ مجالس کی سکیورٹی کے لئے پولیس کے 5ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ، ایمرجنسی پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کمانڈر 12 کور اور صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء نے محرم الحرام کے لئے سکیورٹی اور دیگر  انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی تعریف کی،اس موقع پرمشیر داخلہ نے کہا کہ انتظامیہ ،پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے ایک پیج پر ہیں،تمام سیکورٹی اداروں کے درمیان اشتراک کار کاایک مربوط نظام قائم کیا گیا ہے۔