فیصل آباد، غربت سے تنگ محنت کش نے اپنی دو بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد پنکھے کے ساتھ لٹک کر خودکشی کر لی

بدھ 10 اگست 2022 17:00

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2022ء) غربت سے تنگ محنت کش نے اپنی دو بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد پنکھے کے ساتھ لٹک کر خودکشی کر لی، 15سال سے کرایہ پر رہائش پذیر اور مکان کا کرایہ 14600روپے دینا تھا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو 1122کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے الائیڈ ہسپتال منتقل‘ آن لائن کے مطابق تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقے محلہ محمود آبادمیںانتہائی قدم اٹھانے والے رانا عتیق الرحمن کی آخری تحریر سامنے آ گئی۔

جس میں اس نے لکھا کہ وہ اس مکان میں 15سال سے کرایہ پر رہائش پذیر ہے۔ گھر کے بالائی حصے میں مالک مکان محمد عثمان رہتا ہے۔اس نے مکان کا کرایہ 14600روپے دینا ہے مالک مکان اسے اس وجہ سے بہت تنگ کرتا ہے اس کی بیوی کی وفات کے بعد سے وہ بیروزگار ہے اس وجہ سے بہت پریشان رہتا تھا۔

(جاری ہے)

اس لئے آج اپنی دو نوں بیٹیوں 17سالہ علیشبہ اور 11سالہ زینب کی چھری سے شہ رگ کاٹ دی اور وہ دونوں موقع پر دم توڑ گئیں۔

اس کے بعد اس نے پنکھے کے ساتھ پھندا لے کر خودکشی کر لی۔ انتہائی قدم اٹھانے والے رانا عتیق الرحمن نے اپنی آخری تحریر میں مزید لکھا کہ ان تینوں کی نعشوں کا پوسٹ مارٹم نہ کروایا جائے تینوں نعشیں ایدھی ویلفیئر کے حوالے کر دی جائیں۔تینوں کی اجتماعی قبر بنائی جائے اور گھر کا سامان ایدھی ویلفیئر کو دے دیا جائے۔پولیس نے تینوں نعشیں اور رانا عتیق الرحمن کی خون آلودہ آخری تحریر قبضے میں لے لی۔علاقے کی فضا سوگوار ‘ پولیس مصروف تفتیش ہے۔