حیدرآباد ، حیسکو انتظامیہ کی جانب سے خراب ٹرانسفامرزدرست نہ کرنے کے سبب کئی علاقوں میں پانی کا بحران پیدا ہو گیا

جمعرات 11 اگست 2022 23:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2022ء) حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں حیسکو انتظامیہ کی جانب سے خراب ٹرانسفامرزدرست نہ کرنے کے سبب بجلی کی مسلسل بندش سے کئی علاقوں میں پانی کا بھی بحران پیدا ہو گیا ہے اورحیسکو نے یزیدیت کی یاد تازہ کردی ہے، کئی کئی روز سے خراب ٹرانسفامرز بند ہونے کی وجہ سے حیسکو نے شہریوں کی زندگی عذاب بنا دی ہے اور شہری سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں لیکن ان کی کہیں سنوائی نہیں ہو رہی۔

حیدرآبادکے بیشتر علاقوںمیں بجلی کی بندش کے باعث شہری اذیت کا شکار ہیں، کئی مقامات پر حیسکو انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا گیا، مشتعل افراد نے ٹائر جلائے ، رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی، بھائی خان چوک کے رہائشی افرد نے بجلی کی بندش کیخلاف حیسکو گاڑی کھاتہ سب ڈویژن کے دفتر کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کرکے احتجاج کیا ،ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی اور حیسکو انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

احتجاج کے باعث دو گھنٹے تک ٹریفک معطل رہی جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اُدھر بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تلک چاڑی پر مشتعل نوجوانوں نے ٹائر جلاکر احتجاج کیا اور نعرے بازی کی ان کا کہنا تھاکہ کئی روز سے بجلی بند ہوجانے کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے، حیسکو کا عملہ نہ تو بجلی بحال کررہا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے معلومات فراہم کی جارہی ہے۔

ادھر بارشوںکے باعث کئی علاقوںمیں بجلی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے ۔ جبکہ گذشتہ روز بھی بجلی کی طویل بندش کے خلاف حیدرآباد اور لطیف آباد کے مختلف علاقوں میں خواتین اور بچے حیسکو کی زیادتیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے جبکہ شہری قیادت کا دعویٰ کرنے والے منتخب نمائندے فوٹو سیشن کر کے عوام کو بے وقوف بنانے میں مصروف ہیں اور مشکل وقت میں عوام کو چھوڑ کر منظر سے غائب ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق حیسکو نے ٹرانسفارمر کی خرابی کو بہانہ بنا کر ہزاروں شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے ، لطیف آباد کے مختلف علاقوں یونٹ نمبر4،5 ،10،12 اور یونٹ نمبر11سمیت امریکن کواٹرز،حالی روڈ ،پھلیلی ،لیاقت کالونی اور ممتاز کالونی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کئی کئی ہفتوں سے بجلی کی فراہمی بہت بڑا مسئلہ بن گیا ہے، لطیف آباد نمبر 11 میں حیسکو کے کرپٹ اور نااہل عملے نے ٹرانسفارمر ز کی مرمت کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے مرمت کرانے کے صرف ایک ہفتے کے بعد ہی ٹرانسفارمر پھر خراب ہوجانا معمول بن چکا ہے ،یونٹ نمبر 11 لطیف آبادنیازی اسکول کے قریب ٹرانسفارمر کی خرابی کو ڈیڑھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا ہے، یوم عاشورہ پرعارضی طور پر ایک دن بجلی بحال کر کے پھر بند کردی گئی جو کہ ابتک بند ہے جس پر اہل علاقہ مشتعل ہو کرخواتین اور بچوں سمیت سڑکوں پر نکل آئے اور حیسکو انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر کے ٹریفک کی آمد ورفت معطل کردی اور حیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ صرف یوم عاشورہ پر حیسکو انتظامیہ نے بجلی بحال کی تھی جس کے بعد دوبارہ بند کردی ہے جس سے حیسکو میں فرقہ واریت کا تاثر پایا جا رہاہے اور ہم گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے احتجاج کر رہے ہیں اور کئی بار ٹرانسفارمر کی مرمت کے نام ہزاروں روپے دے چکے ہیں لیکن اس کے باوجود بجلی فراہم نہیں کی جا رہی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی بندش کی وجہ سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے بچوں کی تعلیم متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ گھر میں موجود بیماروں اور بزرگوں کی حالت خراب ہے ،پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا ہے۔مظاہرین نے کہا کہ اگر حیسکوانتظامیہ نے زیادتیوں کا سلسلہ بند نہیں کیا تو ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے حیسکو ہیڈ آفس کے سامنے دھرنا دینے پر مجبور ہو نگے