سکھر ، پاکستان میڈیا کونسل سندھ کی پاکستان زندہ آباد ریلی

جمعہ 12 اگست 2022 16:08

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی پاکستان میڈیا کونسل سندھ کے جنرل سیکرٹری حاجی محمد ریاض کھوکھرکی قیادت میں پاکستان زندہ آباد ریلی نکالی گئی، جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی گھنٹہ گھر چوک پر اختتام پذیر ہوئی ۔ریلی میں سکھر سمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن،تنظیم پاکستانی کے سربراہ ڈاکٹر سعید اعوان، جمعیت علماء اسلام ( س ) کے مولانا عبد الستار بروھی سمیت پاکستان میڈیا کونسل کے فضل الرحمن بھٹو اورنگزیب ملک ، سید عمران شاہ،محمد ماجد، ڈاکٹر مشتاق گھانگرو،محمد قاسم ملک،جوھر حسین و دیگر ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر شرکانے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ آباد،پاک فوج زندہ آباد کے نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

مذکورہ رہنماؤں و سماجی شخصیات نے کہا کہ زندہ قومیں اپنا آزادی کا دن جوش و جذبے سے مناتی ہیں، 14 اکست 1947 ایک عظیم دن تھا جس کے ابھرتے ہوئے سورج نے دنیا کے نقشے پر ایک نئی اور عظیم اسلامی مملکت پاکستان کو وجود میں آتے دیکھا۔آزادی اللہ کا ایک تحفہ اور اولیاکا فیضان ہے اور ہماری پہچان پاکستان ہے۔قوموں کی زندگی میں ان کی آزادی کے دن یادگار اور اہم ہوتے ہیں۔ہم اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ذاتی مفادات کو قربان کرکے پاکستان کے مفادات کے لئے دن رات کام کریں تو ہم اپنا نام تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھوا سکتے ہیں ۔