سٹیٹ بینک کا عوام کو آسان موبائل اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت کا انقلابی اقدام ،بینکاری سہولیات سے محروم افراد کو درپیش مالی مسائل سے نمٹنے میں معاون

ہفتہ 13 اگست 2022 16:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2022ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے عوام کو آسان موبائل اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت دینے کا اقدام نہ صرف بینکاری سہولیات سے محروم افراد کو درپیش مالی مسائل سے نمٹنے میں معاون ہے بلکہ یہ ڈیجیٹل مالی خدمات کے فروغ کے سلسلے میں بھی نہایت اہم ثابت ہوگا ۔اس انقلابی اقدام کے ذریعے ہر موبائل فون صارف *2262# پرایس ایم ایس کرکے چند لمحوں میں ازخود آسان موبائل اکاؤنٹ کھول سکتا ہے ۔

بالخصوص کم آمدنی والے اوردور دراز علاقوں میں رہنے والے خواتین و حضرات برانچ لیس بینکاری خدمات فراہم کرنے والوں کی فہرست میں سے اپنے پسندیدہ بینک کا انتخاب کرکے فنڈ ٹرانسفر، ڈپازٹ، بل کی ادائیگی، موبائل ٹاپ اپ، بیلنس انکوائری وغیرہ سمیت متعدد بینکاری خدمات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

یو ایس ایس ڈی کوڈ *2262# ڈائل کرکے آسان موبائل اکاؤنٹ کھولنے اور استعمال میں آسانی کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے خصوصی تشہیری مہم کابھی آغاز کردیا گیا ہے ۔

اس سلسلے میں بینک کی طرف سے گزشتہ روزجاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بینک دولت پاکستان نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس (ایف سی ڈی او )کے اشتراک سے آسان موبائل اکاؤنٹ (اے ایم اے) کے لیے ابلاغ عامہ مہم کا باضابطہ افتتاح کردیا ہے ،اے ایم اے قومی مالی شمولیت حکمت عملی کے تحت ایک اہم اقدام ہے اور اس کا مقصد بینکاری سہولتوں سے محروم افراد کو درپیش مالی مسائل سے نمٹنے میں مدد دینا ہے جس کے لیے انہیں مالی خدمات تک آسان، سستی اور ڈیجیٹل رسائی مہیا کی جائے گی جوصرف یو ایس ایس ڈی کوڈ *2262# ڈائل کرنے سے حاصل ہوجائے گی۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے ماس میڈیا مہم کے آغاز سے اے ایم اے، اس کے آسان استعمال اور منسلکہ فوائد کے بارے میں عمومی آگاہی پیدا ہوگی جس سے بینکاری سہولتوں سے محروم افراد کو باضابطہ مالی نیٹ ورک میں شامل ہونے کی ترغیب ملے گی۔اس ابلاغ عامہ مہم میں ملک بھر کے تمام اہم ٹی وی، ریڈیو، پرنٹ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز استعمال کیے جائیں گے۔ اردو کے علاوہ یہ مہم علاقائی زبانوں میں بھی چلائی جارہی ہےتاکہ ملک بھر کے تمام پاکستانیوں میں زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی، آگہی اور پراڈکٹ کی تفہیم کو یقینی بنایا جاسکے۔

ماس میڈیا مہم کو صارف کو نظر میں رکھتے ہوئے وضع کیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر کسی بھی موبائل نیٹ ورک کے ذریعے کسی بھی موبائل فون (اسمارٹ یا سادہ فون) سے صرف یو ایس ایس ڈی کوڈ *2262# ڈائل کرکے آسان موبائل اکاؤنٹ کھولنے اور استعمال میں آسانی کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ صارفین برانچ لیس بینکاری خدمات فراہم کرنے والوں کی فہرست میں سے اپنے پسندیدہ بینک کا انتخاب کرسکتے ہیں اور فنڈ ٹرانسفر، ڈپازٹ، بل کی ادائیگی، موبائل ٹاپ اپ، بیلنس انکوائری وغیرہ سمیت متعدد بینکاری خدمات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

توقع ہے کہ برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس (FCDO) کی مالی مدد سے چلائی جانے والی یہ مہم عوام میں ڈجیٹل مالی شمولیت کو پھیلانے میں اہم کردار ادا کرے گی، خاص طور پر کم آمدنی والے طبقوں اور ان خواتین میں جن کے پاس موبائل فون نہیں ہیں، جو انٹرنیٹ تک رسائی نہ رکھتے ہوں اور مالی خدمات حاصل کرنے کا آسان طریقہ چاہتے ہیں۔ مزید برآں، آسان موبائل اکاؤنٹ اسکیم خواتین صارفین کو بھی بینکاری خدمات کی جانب مائل کرنے کے لیے بہترین وسیلہ ثابت ہو گی کیونکہ پاکستانی خواتین کو نقل و حرکت اور دستاویزات کی پریشانیوں کی وجہ سے رسمی مالی خدمات تک رسائی میں مختلف رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

قبل ازیں، 13 دسمبر 2021ء کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی اہم معاونت سے متعارف کرایا گیا تھا، جس نے اے ایم اے پلیٹ فارم پر تمام سیلولر موبائل آپریٹرز (سی ایم اوز) کی آن بورڈنگ کو یقینی بنایا۔ اسٹیٹ بینک نے نادرا، برانچ لیس بینکاری فراہم کنندگان اور ورچوئل ریمی ٹینس گیٹ وے (وی آر جی) سمیت دیگر متعلقہ فریقوں سے بھی اشتراک عمل کیا تاکہ اے ایم اے اسکیم کو فعال بنایا جاسکے اور ایک خوشحال اور ڈجیٹل طور پر باہم منسلک پاکستان کی تعمیر کے لیے ہر پاکستانی تک رسائی حاصل کرنے کی خاطر ایک ڈیجیٹل حل تشکیل دیا جاسکے۔

سافٹ لانچ کے نتائج بہت حوصلہ افزا رہے کیونکہ آسان موبائل اکاؤنٹ پلیٹ فارم پر 33 لاکھ اکاؤنٹ کھولے گئے ہیں جن میں 61 لاکھ ٹرانزایکشنز ہوئیں اور ان کی مالیت 40.5 ارب روپے تھی۔ ابلاغِ عامہ کی مہم سے پہلے ہی اب تک 1 کروڑ 82 لاکھ غیرمالی ٹرانزایکشنز ہوچکی ہیں۔ توقع ہے کہ آسان موبائل اکاؤنٹ کی ملک گیر ابلاغ عامّہ کی مہم کے ساتھ ساتھ اس اقدام میں اشتراک کے حوالے سے متعلقہ فریقوں کا عزم ہر خاص و عام میں آگاہی کے فروغ اور ڈجیٹل مالی خدمات کے فروغ کے سلسلے میں نہایت اہم ثابت ہوگا۔